چیف الیکٹورل آفیسر نے ضلع رام بن میں تیاریوں کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
رام بن؍؍ چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر( سی اِی او) پانڈورانگ کے پولے نے آج رام بن میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں آئندہ لوک سبھا اِنتخابات 2024ء کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بصیر الحق چودھری، اَیڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر روشن لال، اَیڈیشنل ڈپٹی کمشنر ورونجیت سنگھ چاڈک، اَیڈیشنل ایس پی گورو مہاجن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ میں رام بن کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن مینجمنٹ پلان کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ اِنتخابی فہرستوں کے عمل ، لاجسٹک ضروریات ، افرادی قوت کے انتظام ، رسک اسسمنٹ ، اِی وِی ایم ٹرانسپورٹیشن ، پولنگ عملے کی تعیناتی اور حفاظتی اِنتظامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر( سی اِی او)نے آئندہ اِنتخابات 2024ء کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی تیاریوں پر اطمینان کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع، جو کشمیر صوبے سے سڑک کے ذریعے جوڑنے والا ایک اہم رابطہ لنک ہے، نے سڑک ٹرانسپورٹیشن کے چیلنجوں اور دیگر لاجسٹکس سے نمٹنے کے لئے ایک علیحدہ منصوبہ بنایا ہے۔ اُنہوں نے آئندہ لوک سبھا اِنتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف اِنعقاد کی توثیق کی جبکہ ضلع میں رائے دہندگان کے زیادہ ٹرن آئوٹ کی توقع ہے۔ اُنہوں نے آفیشلز اور نان آفیشلز دونوں کی اِنتخابی اَفرادی قوت کی سخت تربیت اور رائے دہندگان بالخصوص پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں کو اِی وِی ایم اور وِی وِی پی اے ٹی کے بارے میں بیداری پر زور دیا۔
میٹنگ میں دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میںمناسب ہیومن ریسورسز کی تقسیم، بوتھ سطح پر منظم ووٹروں ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹنرشپ (ایس وی ای ای پی) منصوبوں پر عمل درآمد، ایک جامع میٹریل مینجمنٹ پلان کی تشکیل، محفوظ روٹ میپنگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) کے لئے ایک وسیع تربیتی نظام کی تیاری شامل ہیں۔
عوامی شرکت کو فروغ دینے کے لئے اے آر اوز کو بوتھ سطح پربیداری مہم چلانے ، بلاک لیول افسران (بی ایل اوز)، سپورٹس شخصیات ، سرکاری ملازمین ،یوتھ آئیکنز ، انفلوئنسرز کو شامل کرنے کے علاوہ کھیلوں کی تقریبات ، ریلیوں ، مقابلوں اور گھر گھر مہموں کا انعقاد کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
سی اِی او نے مناسب کم از کم سہولیات (اے ایم ایف) کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اِنتخابات کے دن پولنگ عملے اور سیکورٹی اہلکاروں کے لئے صاف واش روموں، پینے کے پانی کی فراہمی، فرسٹ ایڈ کی سہولیات اور بلاتعطل بجلی کو یقینی بنائیں۔
میٹنگ کا اِختتام آئندہ لوک سبھا الیکشن 2024 میں ایک احسن، شفاف اور شراکت دار انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے اجتماعی عزم کے اعادہ کے ساتھ ہوا۔
اِس سے قبل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن میں سی ای او کو اِنتخابی تیاریوں اور محکمہ الیکشن کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کے بارے میں جانکاری دی ۔