الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے جموںوکشمیر میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر
40 سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍جموں و کشمیر الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے جموںوکشمیر یوٹی میںماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 40 سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہے۔اِس سلسلے میںموصولہ ایک بیان میںبتایا گیا کہ چار ملازمین کو معطل کیا گیا ہے، ایک کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے جبکہ ایک ملازم کو ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے اور چونتیس ملازمین کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔جموں و کشمیر کے مختلف محکموں کے اِن ملازمین کے خلاف فوری کارروائی مختلف اَضلاع کے متعلقہ ضلعی الیکشن افسروں کی طرف سے روزانہ پیش کی جانے والی آن لائن رپورٹوں اور جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی سرکاری اِی میل آئی ڈی پر موصول ہونے والی آف لائن شکایات کے جواب میں شروع کی گئی ہے جوعام لوگوں، مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں اور پنچایتی راج اِداروں کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے بارے میں درج کی گئی ہے۔
اِس اَقدام کا مقصد اِس طرح کی خلاف ورزیوں کے خلاف الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جاری عام اِنتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ اِنعقاد کو یقینی بنانا تھا۔کپواڑہ میں دو ملازمین، گاندربل میں ایک اور ڈوڈہ ضلع میں ایک ملازم کو معطل کیا گیا ہے اور اُن کے خلاف اَنکوائری شروع کی گئی ہے۔ ایک ملازم کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے جس کا سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا ثابت ہوا ہے جبکہ ایک چوکیدار کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے۔متعلقہ اَتھارٹی نے ایک ملازم کو مستقبل میں محتاط رہنے کی وارننگ جاری کی ہے جس نے نادانستہ طور پر غلطی کا ارتکاب کرنے کی اِستدعاکی ہے۔ اِس کے علاوہ چھ گزٹیڈ ملازمین سمیت چونتیس ملازمین کے خلاف اَنکوائری جاری ہے جسے الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی ہدایات کے مطابق منطقی اَنجام تک پہنچایا جائے گا۔سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سری نگر ضلع میں ہوئی ہیں جس کے بعد کولگام اور راجوری دوسرے نمبر پر ہیں اور اودھمپور اور گاندربل اَضلاع تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ سب سے کم خلاف ورزیاں کشتواڑ، بانڈی پورہ، رِیاسی اور سانبہ اَضلاع سے رِپورٹ کی گئی ہیں۔
+