برسوںسے پریشان لوگوں کی فریاد اس دور میں بھی ردی ٹوکری کی نظر!!!
ریاض ملک
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کا دوردراز علاقہ بلاک لورن جس کی پنچائیت بٹل کوٹ میں عوامی رابطہ پل نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ بٹل کوٹ سے ریچھاں والی جانے کے لئے عوام کو برسوں سے دریا عبور کرکے جاناپڑتاہے۔ دریا پر پْل نہ ہونے کے سبب تین سے زائد وارڈوں کے لوگ سخت پریشان ہوچکے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ دریا پر جھولہ پْل لگانے کی غرض سے گزشتہ دو سال سے پل کے دونوں جانب جگہ اور ڈنگے تیار کئے جاچکے ہیں۔ لیکن افسوس کہ دو سال گزر جانے کے بعد بھی محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر اہتمام یہ پل تعمیر نہیں کیاجاسکاہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کی روز مرہ زندگی پر شدید اثرات پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریا پر مقامی لوگوں کی جانب سے عارضی طور پر لکڑی کی پْلی لگائی گئی ہے۔جس پر سے بزرگ،نوجوان اور بلخصوص سکولی بچے بے حد مشکلات سے دریا کے آر پار گزرتے ہیں۔اور جب دریامیں طغیانی ہوتی ہے۔ تب آر پار کا رابطہ منقطع ہوجاتاہے اور ایسے بھی سکول ہسپتال اور بازار وغیرہ دوسری طرف ہونے کی وجہ سے امدورفت رہتی ہے۔ اور والدین اپنے بچوں کو دریا کے آر پار گزارتے ہیں۔ تاکہ کوئی بچہ دریا میں گر کر حادثہ کا شکار نہ ہوجائے لیکن بدقسمتی سے اکثر علاقہ میں شدید بارشیں ہوتے ہی وہ پْلی بھی دریا میں بہہ جاتی ہے۔ جس کے بعد علاقہ کے لوگوں کو مجبوراً یا تو دریا کے بیچ میں سے گزرنا پڑتا ہے۔ یا پھر کئی کلو میٹر دور کا سفر کر سڑک تک پہنچتے ہیں۔ اِنہوں نے کہا کہ سب زیادہ لوگ اْس وقت شدید پریشان ہوتے ہیں جب علاقہ میں کوئی حاملہ خاتون یا کسی بیمار کو ہسپتال لے جانے کے لئے انہیں کئی کلو میٹر دور سے دوسرے راستے سے ہوتے ہوئے سڑک تک پہنچانا پڑتا ہے۔ جس دوران علاقہ کے لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پل کے حوالے سے محکمہ کا نوٹس لیں۔ تاکہ بٹل کوٹ پنچائیت کی عوام کا یہ پل تعمیر ہوسکے۔