ہندوستان کی آزادی کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر میں او بی سی کو انصاف فراہم کیا گیا ہے :سنہا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج راج بھون سرینگر میں دیگر پسماندہ طبقات ( او بی سی ) کے وفد سے ملاقات کی ۔ کمیونٹی کے ارکان نے جموں و کشمیر کی پنچائتوں اور شہری لوکل باڈیز ( یو ایل بیز ) میں تحفظات کیلئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ہندوستان کی آزادی کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر میں او بی سی کو انصاف فراہم کیا گیا ہے ۔ ہم ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح ایک بیک ورڈ ویلفئیر محکمہ قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور کردہ ایکٹ کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قواعد وضع کئے جا رہے ہیں اور جلد شائع کئے جائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں کشمیر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے او بی سی کو بااختیار بنانے کیلئے یو ٹی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج جموں کشمیر سماج میں ایک تبدیلی دیکھ رہا ہے اور یہ سماج کے محروم طبقات کیلئے ایک نئی شروعات ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی قیادت میں تیز رفتار ترقی ، بہتر بنیادی ڈھانچے اور سہولیات نے مقامی معیشت کو فروغ دیا ہے اور جموں کشمیر میں امن اور ہم آہنگی قائم کی ہے ۔
جموں کشمیر دیگر پسماندہ طبقات ( او بی سی ) ویلفئیر ایسوسی ایشن کے چئیر مین مسٹر محمد اقبال آہنگر نے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی ، وزیر داخلہ جناب امیت شاہ اور عزت مآب لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا کا او بی سی کمیونٹی کی معاشی اور سماجی و سیاسی ترقی کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں گذشتہ چار برس صحیح معنوں میں ’’ 4 سال بے مثال ‘‘ رہے ہیں ۔ جے اینڈ کے او بی سی ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیع شمع نے جموں و کشمیر میں او بی سی کمیونٹی کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت ہند اور یو ٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔
ایڈووکیٹ شبیر احمد نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے ہماری دہائیوں پرانی تکالیف کو کم کیا ہے اور کمیونٹی کو انصاف فراہم کیا ہے ۔ بات چیت کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے او بی سی کے 150 سے زیادہ نمائندے موجود تھے ۔