سڈنی، 20 اگست (یو این آئی) آسٹریلیائی بلے باز اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ان کا ابھی ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے ٹی-20 کرکٹ مقابلے میں کھیلنا چاہتے ہیں۔
اسمتھ نے حال ہی میں سڈنی سکسرز کے ساتھ بی بی ایل کا تین سالہ معاہدہ کیا۔ اس معاہدے کا مطلب ہے کہ وہ کم از کم 2026-27 تک پروفیشنل کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ اسمتھ کا خیال ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران آسٹریلیا کی ٹی-20 ٹیم سے وابستہ رہیں گے۔
انہوں نے کہا، “میں کم از کم اگلے چار سال تک ٹی-20 کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔ یہ ایک ایسا فارمیٹ ہے جسے میں دوسرے فارمیٹس کے علاوہ فرنچائزی کرکٹ میں طویل عرصے تک کھیل سکتا ہوں۔ میں نے تین سال کا معاہدہ کیا ہے اور ایک سال بعد اولمپکس ہوں گے۔ میں اولمپکس کا حصہ بننا چاہتا ہوں، یہ ایک بہترین تجربہ ہوگا۔
دیگر فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میرا فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میں اس وقت کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں او موسم گرما کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا، “یہ ایک زبردست سیریز ہونے جا رہی ہے۔ ہم (آسٹریلیا اور ہندوستان) اس وقت ٹیسٹ کرکٹ میں دو بہترین ٹیمیں ہیں۔ ہم نے گزشتہ سال ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا ہے۔ ہندوستانی ٹیم گزشتہ دو آسٹریلیائی دوروں پر شاندار رہی ہے اور یہاں اس نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ لیکن مجھے امید ہے کہ اس بار ہم پاسا پلٹیں گے۔ ہمیں بارڈر گواسکر ٹرافی جیتتے ہوئے 10 سال ہو گئے ہیں، اس لیے ہمیں یقینی طور پر اس سال یہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کہیں بھی بلے بازی کے لیے تیار ہوں۔ اگر دو وکٹیں مسلسل دو گیندوں پر گرجاتی ہیں تو بھی مجھے نئی گیند کو سنبھالنے کے لیے چوتھے نمبر پر آنا ہی ہو گا۔ میرے لئے یہ صرف ایک نمبر ہے۔ میں نے طویل عرصے تک تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی ہے اور کئی بار میں نے پہلے اوور میں وکٹ گرنے کے بعد نئی گیند پر رن بنائے ہیں۔ میرے لیے صرف یہ سیکھنا ہے کہ فیلڈنگ کے 10 منٹ کے اندر خود کو بیٹنگ کے لیے کیسے تیار کرنا ہے۔‘‘