’پولیس یادگاری دن ‘کے موقع پر لفٹینٹ گورنر نے شہداء کی یاد گار زیون میں پولیس اور سی اے پی ایف کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍’پولیس یادگاری دن ‘کے موقع پر لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج شہداء کی یادگار ، آرمڈ پولیس کمپلیکس ، زیون میں پولیس اور سی اے پی ایف کے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ میں جموں و کشمیر پولیس کے بہادروں کو سلام پیش کرتا ہوں اور قوم ہمارے پولیس اہلکاروں کی بہادری ، حوصلے اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔‘‘ اس موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ چئیر مین ضلع ترقیاتی کونسل سرینگر شیخ آفتاب ملک ، لفٹینٹ گورنر کے مشیر مسٹر راجیو رائے بھٹناگر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ مسٹر آر کے گوئل ، ڈی جی پی مسٹر دلباغ سنگھ ، سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔