کوٹہ // راجستھان کے کوٹہ میں منعقدہ قریشی سماج کی 16ویں اجتماعی نکاح کانفرنس میں 81 جوڑے ہمسفربنے۔
جمعیت القریشی کمیٹی کے زیر اہتمام ہفتہ کو اجتماعی شادی کانفرنس میں 11 غریب لڑکیوں کا نکاح مفت کرایاگیا۔ جبکہ دلہن شبنوربنت جابر حسین کو 12ویں جماعت میں 92.80 نمبر حاصل کرنے پر اعزاز سے نوازاگیا۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی سابق وزیر شانتی دھاریوال تھے جبکہ صدرات شہر قاضی زبیر احمد نے صدارت کی۔ سابق ایم ایل اے پرہلاد گنجل نے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں پہنچ کر دولہا اور دلہن کو دعاؤں سے نوازا اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔
کوٹہ میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر اور کانفرنس کے ترجمان سونو قریشی نے بتایا کہ 20 ہزار سے زائد افراد نے اجتماعی نکاح میں شرکت کی اور دولہا اور دلہن کو اپنی دعاؤں سے نوازا۔ اس تقریب میں نہ تو بینڈ باجا اور نہ ہی ڈی جے بجایاگیا کیوں کہ فضول خرچی کو روکنے کے لیے اس طرح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے دلہا اور دلہن کو تحائف پیش کیے گئے۔