اودھمپور میں ایک لیگل لٹریسی کلب کا اِفتتاح کیا۰طلباسے معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں مشعل راہ بننے کی تلقین
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چیف جسٹس ( قائم مقام ) جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور ایگزیکٹیو چیئرمین جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی جسٹس تاشی ربستن نے اودھمپور میں قانونی بیداری بڑھانے اور قانونی تعلیم کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج دہلی پبلک سکول (ڈِی پی ایس) اودھمپور میں ایک لیگل لٹریسی کلب کا اِفتتاح کیا۔
جسٹس تاشی ربستن کے ہمراہ چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری ایم کے شرما، ممبر سیکرٹری جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی امیت کمار گپتا ، سیکرٹری ایچ سی ایل ایس سی پریم ساگر تھے،کا پی ڈِی جے (چیئرمین ڈِی ایل ایس اے) اودھمپور حق نواز زرگر، ڈی سی اودھمپور سلونی رائے،سیکرٹری ڈِی ایل ایس اے اودھمپور اَجے شرما،ڈِسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ اودھمپور وِشال بھارتی، ایس ایس پی اودھمپورجوگندر سنگھ ،چیئر مین ڈاکٹر جے سی گپتا ،وائس چیئرمین وویک گپتا، پرنسپل ڈی پی ایس اودھمپور ڈاکٹر کنال آنند اور دیگر تدریسی و اِنتظامی عملہ اور سکولی طلباء نے والہانہ اِستقبال کیا۔
جسٹس تاشی ربستن نے اِفتتاحی تقریب کے دوران طالب علموں کو ان کے قانونی حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں لیگل لٹریسی کلبوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کلب نوجوا ن پود میں قانونی بیداری کے کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو ایک منصفانہ معاشرے کی ترقی کے لئے اہم ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ قانونی خواندگی ایک باخبر شہری کی بنیاد ہے اور یہ حقوق کے تحفظ اور اِنصاف کے فروغ کے لئے ضروری ہے۔اُنہوںنے کہا کہ منشیات کے مضر اثرات کے بارے میںبیداری پھیلانے میں نوجوان نسل کے لئے ڈِسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈِی ایل ایس اے) کے ساتھ وابستہ ہونے کا یہ ایک بہترین موقعہ ہے۔
اُنہوں نے مزید کہاکہ طلبأ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور اُنہیں معاشرے سے چائلڈ لیبر اور منشیات کے اِستعمال جیسی معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں مشعل راہ بننا چاہیے۔ اُنہوںنے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ قیمتی زندگی کو معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے اِستعمال کریں اور اُن پر زور دیا کہ وہ لیگل لٹریسی کلب سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں اور منشیات کے اِستعمال کے خلاف تحریک کے سفیر بنیں۔ڈِی پی ایس اودھمپور کے طلاب نے ثقافتی پروگرام پیش کیا جس سے سامعین بہت متاثرہوئے۔ طالب علموں نے اپنی فکر انگیز پرفارمنس سے چائلڈ لیبر کے سنگین خطرے اور منشیات، تمباکو نوشی اور شراب نوشی کے تباہ کن اثرات کی عکاسی کی۔ ثقافتی پروگرام کے ذریعے اُن سماجی مسائل کے خطرات اور نتائج کے بارے پیغامات پہنچایا گیا۔طالب علموں کی طر فسے مشقت پر مجبور بچوں اور نشے کی لت میں مبتلا اَفراد کو درپیش تلخ حقیقتوں کی تصویر کشی متحرک اور تعلیمی دونوں تھی جو ان مسائل سے نمٹنے کے لئے اِجتماعی اَقدام کی ضرورت کو اُجاگر کرتی ہے۔ لیگل لٹریسی کلبوں کے قیام جیسے اَقدامات نوجوان نسل کو قانونی علم کے ساتھ بااِختیار بنانے ، باخبر اور ذمہ دار شہریوں کے مستقبل کو فروغ دینے اور تمام شہریوں کے فائدے کے لئے قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں قانونی خدمات کے اداروں کے عزم کو اُجاگر کرتے ہیں۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈِی پی ایس اودھمپور کے طلبا نے انجام دی اور سیکرٹری ڈِی ایل ایس اے اودھمپور اجے شرما نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔