اپنی تقدیر بدلنے اور بچوں کا وقار واپس لانے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں:سید الطاف بخاری
یواین آئی
سری نگر؍؍جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر محمد الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنی تقدیر بدلنے اور اپنے بچوں کا وقار واپس لانے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ ریاستی درجے کی بحالی سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ان ہی لوگوں نے ہماری ریاست کی شناخت ختم کر دی۔ان کا کہنا تھا: ‘فوج کو بارکوں میں بھیجنا، افسپا ہٹانا ہمارا ایجنڈا ہے’۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘میں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی اور جموں وکشمیر کی تقدیر بلدنے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں، آج 75 برسوں کے بعد سچ اور جھوٹ کے درمیان فیصلہ ہوگا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘جو لوگ کہتے ہیں ریاستی درجے کی بحالی سے کوئی فرق نہیں پڑے گے ان ہی لوگوں نے ہماری ریاست کی شناخت ختم کر دی لیکن ہم اس درجے کو واپس لائیں گے’۔الطاف بخاری نے کہا: ‘ہم 14 سو بچوں کو رہا کریں گے، فوج کو بارکوں میں بھی واپس بھیجیں گے اور افسپا کو بھی ہٹائیں گے’۔انہوں نے کہا: ‘جو بچے بند ہیں ان کے خلاف پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس نے ہی اپنے اہنے دور حکومت میں کیس دائر کئے تھے لیکن یہ بات 70 برسوں سے لوگوں نے نہیں سمجھی’۔ان کا کہنا تھا لوگ اپنے ووٹ کا استعمال کرکے اپنے بچوں کے وقار کو واپس لاسکتے ہیں۔