عوام بھی تعاون پیش کرے تاکہ راجوری کی ترقی ہو
عمرارشدملک
راجوری غیرقانونی تجاوازت کو ہٹانے کے لئے ضلع انتظامیہ نے جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ قابلِ تعریف ہے اور حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال کو مزید اختیارت دے تاکہ وہ آزادانہ فیصلے لے سکےں۔ ان باتوں کا اظہار پی ڈی پی کے سینئر لیڈران اور سابق سرپنچوں نے کیا جن میں شبیر احمد اور سید منظور شاہ قابلِ ذکر ہیں ۔ سابق سرپنچ شبیر احمد نے کہا کہ راجوری انتظامیہ نے غیر قانونی تجاوازت ہٹانے کا سلسلہ شروع کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اور اب انتظامیہ کو دیگر علاقوں میں بھی اس مہم کو شروع کرنا چاہیے تاکہ ضلع راجوری دیگر سمارٹ سٹی کی طرح خوبصورت بن سکے اور تعمیروترقی کا بھی بہتر ین آغاز ہوسکے ۔ وہیں سابق سرپنچ سید منظور شاہ نے بھی ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو بھی پروجیکٹ شروع کئے ہیں وہ عوام کے لئے فائدہ مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجوری کے گوجر منڈی سے تجاوازت کو ہٹاکر عوام کی مشکلات کو ہی دور کیا جارہا ہے تاکہ ٹریفک جام کا سلسلہ ہمیشہ کے لئے ختم ہوسکے لیکن شہر کے کچھ لوگوں کو یہ پسند نہیں آیا جس کے بعد الگ الگ بیان بھی سوشل میڈیا ،فیس بک پر آپ لوڈ ہوتے رہے ۔انہوںنے کہا کہ ضلع انتظامیہ جو بھی اقدام اٹھا رہی ہے وہ صرف عوام کے حق میں ہیں کیونکہ انتظامیہ اپنے گھریا دوکانیں تعمیر نہیں کرےگی اور عوام کے مفاد میں جو بھی کام ہوتے ہیں ان میں عوام کو بھی تعاون دینا چاہیے تاکہ ضلع کی بہترین ترقی ہوسکے ۔