عوام دوست ،ترقی دوست اور سرمایہ کاری دوست ماحول پیداکیا:مودی وانجیہ بھون کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیراعظم کا برآمدت بڑھانے پر زور

0
0
یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزیراعظم نریندر مودی نے عالمی پیمانے پر ملک کی برآمدات کم از کم دوگنی کرنے اور درآمدات کو کم کرنے کے لئے گھریلو مصنوعات کو بڑھانے پر زور دیا ہے ۔ مسٹر مودی نے یہ بات آج یہاں تجارت کے محکمہ کے نئے آفس کمپلیکس وانجیہ بھون کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے برآمدات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریاستوں کو اس کوشش میں سرگرم شراکت دار بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کے محکمہ کو یہ عزم کرنا چاہئے کہ وہ مجموعی عالمی برآمدات میں ہندوستان کی حصہ داری موجودہ ایک اعشاریہ چھ فیصد سے بڑھا کر کم از کم تین اعشاریہ چار فیصد کر دے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ درآمدات میں کمی لانے کے لئے گھریلو مینوفیکچرنگ آؤٹ پُٹ بڑھانے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔وزیراعظم نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ رکاوٹیں دور کرنے سے ہندوستان کے تجارتی شعبے کے لئے راستہ مزید ہموار ہوگا اور اس سے ملک کے نوجوانوں کے عزائم کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مختصر مدت میں 8 ہزار 700 کروڑ روپے کا لین دین کرنے والے گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس (جی ای ایم )نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اختیار کرنے کے فوائد کو اجاگر کیا ہے اور انہوں نے تجارت کے محکمہ سے اپیل کی کہ وہ جی ای ایم کی مزید توسیع کے لئے کام کرے اور ملک کے ایم ایس ایم ای شعبہ کے فائدے کے لئے اس کا استعمال کرے ۔ انہوں نے جی ایس ٹی کے فوائد پر بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت عوام دوست ،ترقی دوست اور سرمایہ کاری دوست ماحول پیدا کرنے کے لئے بھر پور کوششیں کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب عالمی سطح پر ٹاپ پانچ فنٹیک ممالک میں شامل ہو گیا ہے اور ‘ایز آف ٹریڈنگ ‘اور ‘ایز آف ڈوئنگ بزنس ‘ جیسے شعبوں کا تعلق ایک بین مربوط دنیا میں ‘ایز آف لیونگ’ سے ہے ۔اس موقع پر تجارت اور صنعت اور شہری ہوا بازی کے وزیر سریش پربھو نے کہا کہ وانجیہ بھون سے ایک چھت کے نیچے تجارت کے تمام محکموں کو لا کر تجارت کرنے کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ اس عمارت کی تعمیر جب مکمل ہو جائے گی ، یہ ایک ماڈرن اور ماحولیات دوست عمارت ہوگی۔ وزیراعظم کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے مسٹر پربھو نے کہا کہ اس حکومت نے ہر ایک شعبے کی ترقی پر توجہ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کی وزارت برآمدات کے فروغ کے لئے اسٹریٹجیز پر کام کر رہی ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم نے ایک پودا لگایا ۔ ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ہردیپ سنگھ پوری ، تجارت اور صنعت کے وزیر مملکت سی آر چودھری اور تجارت کی سکریٹری محترمہ ریتا تیوشیا نیشنل بلڈنگس کنسٹرکشن کارپوریشن (این بی سی سی ) اور تجارت و صنعت کی وزارت کے سینئر افسران کے ہمراہ اس موقع پر موجود تھے ۔وانجیہ بھون کی تعمیر 226 کروڑ کی لاگت سے ہو رہی ہے اور دسمبر 2019 تک اس کے پورا ہونے کی امید ہے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا