ڈھاکہ، 7 اگست (یو این آئی) بنگلہ دیش میں ریزرویشن مخالف مظاہرین نے ملک کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی کے لوگوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
رپورٹس میں لالمونیرہاٹ ضلع میں دو ممبران پارلیمنٹ (ایم پی) اور عوامی لیگ کے 100 سے زیادہ حامیوں کے گھروں پر حملوں کی طرف اشارہ کیاگیا ہے۔
یہ اطلاع بدھ کو میڈیا رپورٹ میں دی گئی۔
لالمنیرہاٹ فائر سروس نے بتایا کہ ضلع اے ایل کے جوائنٹ سکریٹری سمن خان کے گھر سے چھ جلی ہوئی لاشیں برآمد کی گئیں۔ آن لائن نیوز پورٹل ‘ڈیلی آبزرور’ نے اطلاع دی ہے کہ پیر کی صبح تقریباً 4.30 بجے گھر کی چوتھی منزل سے نامعلوم لاشیں برآمد ہوئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ریزرویشن مخالف مظاہروں میں شامل طلباء مظاہرین کے اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لاشیں ان کے بچوں کی ہو سکتی ہیں اور حکام لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، حسینہ کی برطرفی کے بعد ریزرویشن مخالف مظاہرین کے ذریعہ جشن کے جلوس کے نتیجے میں عوامی لیگ کے ایم پی لیڈروں کے گھروں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی، جن میں لال منیر ہاٹ-1 کے ایم پی اورضلع عوامی لیگ کے صدر مطہر حسین اور لالمنیر ہاٹ-3 کے ایم پی اور ضلع عوامی لیگ کے جنرل سیکرٹری مطیع الرحمان شامل ہیں۔