عوامی خدمات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا:©ووہرہ گورنر نے سیکرٹریوں کو عوامی خدمات میں بہتری لانے اور انتظامیہ کو شفاف و جواب دہ بنانے کی تلقین کی

0
0

لازوال ڈیسک

سرینگرگورنر این این ووہرا نے آج سول سیکرٹریٹ سرینگر میں انتظامی سیکرٹریوں ، پولیس اور فارسٹ سروس افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی۔ریاست میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد یہ گورنر کی صدارت میں پہلی میٹنگ تھی۔گورنر نے انتظامی سیکرٹریوں اور پولیس کے سربراہ کو ہدایت دی کہ وہ دفاتر میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنائیں اور بائیو میٹرک حاضری نظام کے ذریعے اس عمل کی کڑی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور رشوت ستانی کے خلاف سختی سے نمٹاجائے گا۔گورنر نے انتظامی سیکرٹریوں کو وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام 2015 کے بارے میں رِپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ گورنر موصوف نے جھیل ڈل کی صفائی کے لئے کئے گئے اقدامات کے مطلوبہ نتائج نہ ملنے کی وجوہات کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے مرکزی فلیگ شپ سکیموں کی عمل آور ی ، بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی کے قریب دیہات میں بنکروں کی تعمیر ، ان علاقوں میں شلنگ سے متاثرہ افراد کو امدادی رقم کی فراہمی، پنچایت اور میونسپل کے انتخابات منعقد کرانے، خوراک و سول سپلائز محکمہ میں اشیائے خوردنی کی دستیابی اور دیگر کئی معاملات کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری طلب کی۔گورنر نے چیف سیکرٹری کو مختلف محکموں میں التوا میں پڑے معاملات اور ان کو نمٹانے کے تعلق سے 21 جون 2018ءتک رِپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سے تلقین کی کہ وہ ہر معاملے اور مسئلے کو معیاد بند مدت کے اندر نمٹانے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے منظوری کے مطلوب معاملوں کو گورنر سیکرٹریٹ کو پیش کرنے کی ہدایت دی۔گورنر نے انتظامی سیکرٹریوں کو دستیاب وسائل خاص کر رقومات کا مناسب اور بروقت استعمال یقینی بنانے کے احکامات دئیے ۔ اس سے قبل سول سیکرٹریٹ پہنچنے پر چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، ڈی جی پی ایس پی وید اور پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل نے گورنر کا استقبال کیا۔ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا