پیشاور؍؍پاکستان میں پیشاور کی ایک عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے کو مسترد کرنے کی عرضی خارج کر دی ہے ۔ مسٹر خان کے خلاف یہ معاملہ سابق رکن پارلیمان فوزیہ بی بی نے سینیٹ الیکشن کے دوران خرید و فروخت کے الزامات کے سلسلے میں دائر کی تھی۔ نچلی عدالت نے ہفتے کے روز مسٹر خان کی عرضی کو خارج کر دیا۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج عبد المجید نے اس معاملے میں دونوں فریق کے دلائل سننے کے بعد 15جون کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔عدالت اس معاملے کی اگلی سماعت 18 جنوری کو کرے گی۔ عدالت نے مسٹر خان سے کہا کہ وہ اس معاملے میں رسمی جواب داخل کریں۔ وزیر اعظم کی جانب سے عرضی اپریل میں دائر کی گئی تھی۔ عرضی میں عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ یہ معاملہ شنوائی کے قابل نہیں ہے لہٰذا خارج کیا جانا چاہیے ۔