مشیر نے گریز کا دورہ کیا،پنچایتی راج نمائندوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی
لازوال ڈیسک
گریز؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج بانڈی پورہ ضلع کے گریز سب دویژن کا دورہ کیا اور ڈی ڈی سی ممبران ، پی آر آئی نمائندوں بشمول بی ڈی سی ، سرپنچوں ، پنچوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی اور اُنہوں نے علاقے سے متعلق ان کی طرف سے اُٹھائے گئے مختلف مسائل اور مطالبات کا جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں اور اَقدامات کو آگے بڑھانے میں ان کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔اُنہوں نے مقامی عوامی اُمنگوں کے مطابق ترقی کے لئے حکومت کی مرکوزیت اور مقامی قیادت کو بااِختیار بنانے کے عزم پر زور دیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پی آر آئی کے نمائندوں کو اَپنے علاقے میں زمینی حقائق کا گہرا ادراک ہے ۔ اِس لئے ان کا کمیونٹی پر دیر پا اَثرات مرتب کرنے والی ہدف شدہ پالیسیاں اور فلاحی پروگرام بنانے میں اہم کردار ہے۔ڈی ڈی سی اراکین اور پی آر آئی نمائندوں نے بات چیت کے دوران گریز میں سیاحت کو فروغ دینے اور سب ڈویژن میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لئے اِنتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے علاقے کے مختلف مسائل اور مطالبات کو مشیر موصوف کے گوش گزارکئے اور ان مسائل و مطالبات کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔دریں اَثنا، مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے عوامی وفود سے بھی بات چیت کی اوران کے مطالبات اور عوامی اہمیت کے خدشات کو بغور سنا ۔ مشیر موصوف نے عوامی وفود کو یقین دِلایا کہ علاقے کے تمام حقیقی مطالبات کو مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔بعد میں مشیر موصوف نے سب ڈویژن کے اَفسروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد بھی کی اور سب ڈویژن میں ضروری اشیاء کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے تمام محکموںبشمول تعلیم ، صھت ، محکمہ جل شکتی ، جے کے پی ڈی سی کے علاوہ سیاحت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سب ڈویژن میں کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے اَسامیوں کی تفصیلات بھی طلب کیں اور متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ عوام کی مشکلات کو دُور کیا جاسکے۔میٹنگ میں ڈی ڈی سی ممبر گریز ، ڈی ڈی سی ممبر تُلیل ، ایس ڈی ایم گریز ، تحصیل دار گریز و تُلیل کے علاوہ علاقے کے دیگرسیکٹورل اَفسروں نے شرکت کی۔