طلباء نے اردو زبان کی اہمیت وافادیت اور اس کی گنگا جمنی تہذیب پر مقالے پڑھے
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍گورنمنٹ پی۔جی کالج راجوری کے شعبۂ اردو میں ایک پُر وقارتقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اردو زبان کی اہمیت وافادیت اور اس کی گنگا جمنی تہذیب پر طلبا وطلبات کی طرف سے مقالے پڑھے گئے۔ ایم اے اردو سمسٹر اول اور سوم کے علاوہ بی۔اے سمسٹر اول،سوم اور پنجم کے طلباء وطالبات بھی شریک ہوئے ۔اس محفل میںمشتاق احمد، محمدارشاد،شہناز انجم نے اپنے اپنے مقالات میں اردو زبان کی مٹھاس ،شیرینی اور قومی یک جہتی جیسے عنصر کو اُجاگر کیا ۔جب کہ بی۔اے کے طلبا وطلبات نے ترنم میں مرزا غالبؔ، علامہ اقبال ،برج نرائن چکبست،فراق،لال چند فلک،میلا رام وفاؔ، تلوک چند محروم، جوش ملسیانی اورعرش ملسیانی جیسے شعرا کا کلام گنگنا کرسامعین کو محظوظ کیا۔محفل ہذا میں پوسٹ گریجویٹ شعبۂ اردو گورنمنٹ پی۔جی کالج راجوری کے اُساتذہ ڈاکٹر عبدالحق نعیمیؔ ،ڈاکٹر ظہیر احمد،ڈاکٹر امجد علی بابرؔ،ڈاکٹرمختار احمد،ڈاکٹر محمد شکیل کٹاریہ اورڈاکٹر محمد ارشاق اصغرنے اپنے اپنے خطاب میں اردو زبان کی گنگا جمنی تہذیب وتاریخی پس منظر اور قومی یک جہتی جیسے عناصر پر تفصیلاً روشنی ڈالتے ہوئے اردو کے عالمی منظر نامے پر بھی بات کی۔اردو زبان دنیا کی بڑی زبانوں میں سے ایک ہے بلا امتیاز مذہب وملت اردو طبقے کو عالمی یوم اردو کے موقع پر مبارک باد پیش کی اور طلبا وطلبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو کا مستقبل روشن ہے اور اردو سیکھنے و سیکھانے والا کسی مقام پر ناکام نہیں ہوتا۔اس محفل میں اُساتذہ نے طلباء وطالبات کو ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر مبارک باد دی اور طلباء کاحوصلہ بڑھایا تاکہ وہ ادبی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ر ہیں۔