آئندہ 2روز معاوضے کا بھی اعلان ہوگا:صوبائی کمشنر کشمیربصیر خان
:کے این ایس /
سرینگر؍ کو وادی کشمیر میں ہوئی قہر انگیز برفباری کے سبب میوہ باغات کو پہنچے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے محکمہ ہاٹیکلچر کی جانب سے شروع کیا گیا ’سروے عمل ‘ مکمل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر ،بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ آئندہ دو روز میںمتاثرہ باغ مالکان کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا جائیگا ۔انہوں نے یہ الزامات مسترد کئے کہ ابھی تک نقصان کا تخمینہ لگانے کا سروے عمل مکمل نہیں ہوا ہے۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کیساتھ بات کرتے صوبائی کمشنر کشمیر ،بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ رواں ماہ کی7تاریخ کو وادی کشمیر میں ہوئی طوفانی برفباری کے سبب ہاٹیکلچر سیکٹر بری طرح سے متاثر ہوا ،جس سے انتظامیہ بخوبی واقف ہے ۔انہوں نے کہا کہ برفباری کی قہرسامانیوں کے سبب میوہ باغات کو نقصان پہنچا اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ہاٹیکلچر اور محکمہ مال کو مشترکہ طور ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ہدایت دی گئی تھی ۔صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ میوہ باغات کو پہنچے نقصانات کو تخمینہ لگانے کیلئے پوری وادی میں ’سروے عمل ‘ شروع کیا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ یہ عمل مکمل طور پر مکمل کرلیا گیا ہے اور متعلقہ محکمہ جات نے باضابطہ طور پر سفارشات پر مبنی جامع رپورٹ بھی مرتب کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کا اعلیٰ سطح پر جائزہ لیا جارہا ہے ،تاکہ متاثرہ باغ مالکان معقول معاوضہ دیا جاسکے ۔صوبائی کمشنر کشمیر ،بصیر احمد خان نے کہا کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں ،کہ انتظامیہ نے رواں ماہ ہوئی برفباری سے میوہ باغات کو پہنچنے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے شروع کیا گیا ’سروے عمل ‘ مکمل نہیں کیا ہے ۔ان کا کہناتھا ’وادی بھر میں میوہ باغات کو پہنچے نقصانات کا تخمینہ لگانے سے متعلق سروے عمل مکمل کرلیا گیا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ہارٹیکلچر اور محکمہ مال کی مشترکہ سروے ٹیموں نے قابل تحسین کام کیا ہے اور بہت کم وقت میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کا سروے عمل مکمل کرلیا ۔صوبائی کمشنر کشمیر ،بصیر احمد خان نے کہا کہ آئندہ دو روز میں متاثرہ باغ مالکان کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا جائیگا ۔ان کا کہناتھا کہ کہاں کتنا نقصان ہوا ہے ؟اور کس کو کتنا معاوضہ دیا جانا چاہئے؟ ،یہ عمل آخری مرحلے میں ہے ،جو آج یا کل مکمل ہوگا ۔صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ متاثرہ باغ مالکان کو معقول معاوضہ دیا جائیگا ،لیکن اسکے لئے صبر کا دامن تھامے رکھنے کی ضرورت ہے ،کیونکہ انتظامی کام کاج وضع کردہ ضوابط کے تحت ہوتا ہے ۔اس سے قبل باغ مالکان کی جانب سے یہ الزامات عائد ہورہے تھے ،کہ حالیہ برفباری کے سبب میوہ باغات کو پہنچنے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے لیت ولعل کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جسکی وجہ سے باغ مالکان میوہ درختوں کی شاخ تراشی نہیں کر پاتے ہیں ۔