لازوال ڈیسک
جموں؍؍مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقلیتی مورچہ نے طاہر علی شاہ کو پارٹی کا نائب صدر نامزد کرکے اپنی قیادت کو تقویت دینے کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔واضح رہے یہ اعلان ایس رنجودھ سنگھ نلوا، صدر اقلیتی مورچہ، بی جے پی نے کیا۔وہیںطاہر علی شاہ نے نامزدگی حاصل کرنے پر ایس رنجودھ سنگھ نلوا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے پارٹی کے دیگر عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے سیاسی سفر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی جموں و کشمیر کے یو ٹی صدر رویندر رینا اور بی جے پی جے اینڈ کے یو ٹی کے تنظیمی سکریٹری اشوک کول کی غیر متزلزل حمایت اور رہنمائی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امت شاہ ، پارٹی صدر جے پی نڈا اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔اپنے نئے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے، طاہر علی شاہ نے کہاکہ مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے نائب صدر کی ذمہ داری سونپتے ہوئے مجھے بہت اعزاز حاصل ہے۔انہوںنے کہا کہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے انتھک کام کرنے کا عہد کرتا ہوں اور پارٹی کے ایک سرشار سپاہی کے طور پر خدمات انجام دوں گا۔