ہماری پولیس اور سول انتظامیہ اچھے مقصد کے لیے ہمہ وقت ہمارے ساتھ ہے،مستقبل میں مزید ایسی مہمات چلائی جائیں گی:راجہ سرفراز
لازوال ڈیسک
ڈوڈہ؍؍جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر اداکار، ڈائریکٹر اور یوتھ آئیکن راجہ سرفرازنے منشیات کے خلاف ایک مہم چلائی جہاں کینابیس سیٹیوا پلانٹس کو تباہ کرنا شامل تھا جنہیں مقامی لوگ نشے کے لیے فعال طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اس مہم کے دوران تھلوران، سمائی، سرلائی، بھارتی، کاکو، ہلور، بس اسٹینڈ گواری، اور بٹ مارکیٹ کلہوتراں سمیت کئی دیہاتوں میں منشیات کو تباہ کیا گیا تاکہ مقامی لوگ اس کو نشے کے طور پر استعمال نہ کر سکیں۔وہیںراجہ سرفراز نے مہم کے دوران متعدد نوجوانوں سے بات چیت کی کہ فٹنیس، کھیلوں، ثقافت کو فروغ دینے اور معاشرے میں امن اور بھائی چارے کے قیام میں نوجوان کس طرح اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اس حوالے سے مختصر مشاورتی سیشن کا انعقاد بھی کیاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل ہمارے نوجوان منشیات اور دیگر برائیوں میں ملوث ہو رہے ہیں، ہماری ترجیح ان سے پیار کرنا اور انہیں واپس پٹری پر لانا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہماری پولیس اور سول انتظامیہ اچھے مقصد کے لیے ہمہ وقت ہمارے ساتھ ہے۔وہیں چوکی آفیسر عبدالشکور جو کہ مہم کے دوران پولیس اہلکاروں کے ساتھ ناقابل یقین حد تک متحرک تھے نے بھی اس مہم کے تحت اہم کردار ادا کیا ۔واضح رہے راجہ سرفراز مستقبل میں دیگر علاقوں میں بھی ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر اسی مہم کو آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے ایس ایس پی عبدالقیون، ڈی ایم ویشیش مہاجن، ایس ڈی پی او گندوہ اور مقامی پولیس کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔