لازوال ڈیسک
اودھمپور؍؍ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور سلونی رائے نے بلاک چنانی کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں کمیونٹی فیسلٹی سینٹر (سی ایف سی) میں منعقدہ ہفتہ وار ’بلاک دیوس‘ پروگرام میں حصہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گھنشیام سنگھ، ڈی ایف او رشل گرگ، ایس ڈی ایم چنانی پرویز نائیک اور بی ڈی او دیشا گپتا کے ہمراہ مقامی کمیوٹی کے ساتھ مل کر مختلف مسائل کو حل کیا۔ ہفتہ وار ’ بلاک دیوس ‘ پروگرام می اُٹھائے گئے مسائل میں اودھمپور سے لٹی براستہ چنانی تک بس سروس کا مطالبہ، بپ سے لوتھر اور برکنڈا سے مترا تک سڑک کی اَپ گریڈیشن، ہائی سکول بپ سرار میں عملے کی کمی کو پورا کرنا، منریگا کے تحت زیر اِلتوأ اَدائیگیوںکو جاری کرنا، ٹنڈر میں ہیلتھ سب سینٹر میں عملے کی کمی ، پرائمری سکول عمارت کی تعمیر، کد پنچایت میں پانی کی فراہمی کی قلت، پتنی ٹاپ پر پارکنگ کی جگہ کی تعمیر ، جل جیون مشن کی عمل آوری، مختلف سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ اور مینٹیننس وغیرہ شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ان مسائل کے جواب میں عوام کو یقین دلایا کہ ان کے جائزمسائل کو بروقت حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام پنچایتوں میں مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کریں ۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ عوامی مطالبات کے حل کو ترجیح دیں اور زیر اِلتوا ٔمسائل کے بارے میں تفصیلی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کریں۔