بھتیجے نے چاچا کو ذبح خانے میں موت کی نیند سلا دیا :پولیس
یواین آئی
سری نگر؍؍جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے ہفتہ یار بل صفا کدل علاقے میں بھتیجے نے چاچا کا سنسنی خیز طریقے سے قتل کیا۔پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر ملزم کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اتوار اعلیٰ الصبح 32سالہ فیاض احمد گنائی ولد ولی محمد گنائی ساکن ہفتہ یاربل صفا کدل (پیشے سے کسائی )کو اہل خانہ نے زخمی حالت میں صدر ہسپتال سری نگر پہنچایا تاہم ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں نے نوجوان کو مردہ قرار دے دیا۔ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ مقتول کی رہائش گاہ کے قریب ایک ذبح خانے میں عرفان احمد نامی قصاب اور اس کے چاچا نثار احمد گنائی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا جس دوران مقتول نے بیچ بچاو کرنے کی کوشش کی تاہم عرفان احمد گنائی نے فیاض احمد گنائی پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر ملزم عرفان احمد گنائی ولد محمد شفیع گنائی ساکن ہفتہ یار بل صفا کدل (مقتول کے بھتیجے )کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 29/24کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ آلہ قتل کو برآمد کیا گیا جبکہ قانونی اور طبی لوازمات بھی پورے کئے گئے۔