پارٹی کارکن جموں و کشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے تیار ہو جائیں:ہر ی سنگھ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ انڈین یوتھ کانگریس (آئی وائی سی) کے قومی جنرل سکریٹری، ادھے بھانو چِب اور جے اینڈ کے پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے نائب صدر ہری سنگھ چِب نے حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں ان کی زبردست حمایت کے لیے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وہیںناردانی رائے پور میں رہنماؤں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوںنے زور دے کر کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں پر پورا اتر سکتی ہے۔واضح رہے جموں شمالی اسمبلی حلقہ کے ایک حصے ناردانی رائے پور میں کانگریس کارکنوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے، ادھے چِب اور ہری سنگھ چِب نے مقامی باشندوں کی ستائش کی کہ انہوں نے کانگریس پارٹی کو ان کے پولنگ بوتھ سے برتری دلائی۔ انہوں نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں لوگوں کی طرف سے دکھایا گیا اعتماد اور حمایت بہت حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ صرف کانگریس پارٹی کے پاس ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے کا وژن اور عزم ہے۔
اس موقع پرہری سنگھ چب نے کہاکہ ہم پر کئے گئے اعتماد کے لیے ہم ناردانی کے لوگوں کے شکر گزار ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے انتھک محنت کریں گے اور وہ ترقی اور پیشرفت کریں گے جس کے جموں و کشمیر مستحق ہیں۔انہوں نے پارٹی کیڈر پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیار ہو جائیں۔اس دوران ادھے چِب اور ہری سنگھ چِب نے رمن بھلہ کی جانب سے ناردانی کے لوگوں کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا۔