نئی دہلی، 16 اگست (یو این آئی) صدر جمہوریہ د روپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے جمعہ کو سابق وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اٹل بہاری واجپئی کو ان کی برسی پر جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔
محترمہ مرمو، مسٹر مودی، مسٹر سنگھ اور مسٹر نڈا صبح سویرے یہاں واقع مسٹر واجپئی کی سمادھی پر پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
آنجہانی واجپئی کو خراج تحسین پیش کرنے کے بعد مسٹر مودی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ’’بے شمار لوگ انہیں قوم کی تعمیر میں ان کے غیر معمولی تعاون کے لیے عقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں صرف کی۔ ہم ہندوستان کے بارے میں ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
مسٹر سنگھ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ”اٹل جی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی خدمات پر قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔
مسٹر نڈا نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی کہا "بھارتیہ جنتا پارٹی کے بانی، سابق وزیر اعظم ‘بھارت رتن’ سے سرفراز انتہائی قابل احترام اٹل بہاری واجپئی جی کی برسی کے موقع پر انہوں نے ان کی یادگار ‘سدیو اٹل’ کا دورہ کیا اور انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ .
مسٹر نڈا نے کہا کہ آپ کی پوری زندگی قوم اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وقف تھی۔ آپ کی سیاسی دانشمندی، مثالی شخصیت، متاثر کن نظموں کی مثالیں ہمیشہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔
مسٹر واجپئی، جو بی جے پی کے سب سے سینئر لیڈروں میں سے تھے، تین بار ملک کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 16 اگست 2018 کو طویل علالت کے بعد ان کا انتقال ہوا۔