یونین ٹریٹری انتظامیہ نے ان کے اعزاز میں سندھو گھاٹ پر ایک شہری استقبالیہ کا اہتمام کیا
یواین آئی
سری نگر؍؍صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے دورہ لداخ کے دوسرے دن بدھ کے روز یونین ٹریٹری انتظامیہ نے ان کے اعزاز میں سندھو گھاٹ پر ایک شہری استقبالیہ کا اہتمام کیا۔اس تقریب کا آغاز صدر جمہوریہ کے اپنی بیٹی اتشری مرمو کے ساتھ دریائے سندھ پر پوجا کے ساتھ ہوا۔اس موقع پر لداخ یونین ٹریٹری کے رکن پارلیمان جمیانگ سیرنگ نمگیال، چیف ایگزیکیٹو کونسلر (سی ای سی) لیہہ اور سی ای سی کرگل بھی موجود تھے جنہوں نے صدر مرمو کو کھاٹگ اور مومنٹوز پیش کئے۔بعد ازاں آپ نے لداخ کے قبائلی گروپوں بشمول بروکیا، چانگپا، بلتی اور لیہہ میں سیلف ہیلپ گروپوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔بتادیں کہ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اپنے دو روزہ دورہ لداخ یونین ٹریٹری کے لئے منگل کے روز لیہہ پہنچیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ آج سیاچن بیس کیمپ کا دورہ کرکے وہاں تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ بات چیت کریں گی۔صدر مرمو نے 11 اکتوبر کو جموں وکشمیر کا دو روزہ دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے کشمیر یونیورسٹی کے 20 ویں کنوکیشن میں شرکت کی تھی اور بعد میں راج بھون میں قبائلی گروپوں کے ارکان اور سیلف ہلپ گرپوں کی خواتین کے ساتھ بات چیت کی تھی۔صدر جمہوریہ نے اپنے دورے کے دوسرے دن صوبہ جموں کے ضلع ریاسی کے کٹرہ علاقے کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کا دورہ کرکے وہاں سر نو تعمیر شدہ پاروتی بھون اور سکائی واک کا افتتاح کیا تھا۔