سری نگر،19جولائی(یو این آئی)نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعے کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کو من جملہ اس وقت بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت محرم کے ایام چل رہے ہیں اور یہ ایام ہمیں صبر، بہادری، ثابت قدمی، عزم و استقلال کا سبق دیتے ہیں اور موجودہ دور سے نجات پانے کیلئے ہمارا یہی لائحہ عمل ہونا چاہئے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے آج نوشہرہ زیڈی بل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے پیش نظر ہمیں مذہبی، مسلکی، لسانی اور علاقائی اختلافات کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بھلانا ہوگااور آنے والے نسلوں کیلئے ایک بہتر اور سازگار ماحول کیلئے ہمیں اتحاد و اتفاق، نظم و ضبط کامظاہرہ کرنے اور کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اتحاد و اتفاق قوم کی بڑی فتح و نصرت سے تعبیر کی جاتی ہے جبکہ نااتفاقی ناکامی ، تباہی اور بربادی کی نشاندہی ہوتی ہے، ہماری ریاست کو بھی گذشتہ 5پانچ برسوں سے سخت ترین چیلنجوں کا سامنا ہے اور یہاں بھی لوگوں کو آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر جموں وکشمیر کے مفادات کو ترجیح دینی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق آئے روز سلب کئے جارہے ہیں، ناانصافی کا دور دورہ ہے، یہاں کے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کرنے کیلئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا جارہاہے۔
منشیات کے تباہ کن رجحان پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہا کہ ہر ایک ذی حس شہری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے میں اپنا رول نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ تماشائی بن کر اور صرف زبانی جمع خرچ سے منشیات کی بدعت کا خاتمہ نہیں ہوسکتا، اس کے لئے عملی طور پر میدان میں اُترنا ہے اور شروعات اپنی گھر سے کرنی ہوگی۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان منشیات کی لت میں اتنے گر گئے ہیں کہ اب وہ قتل کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے اور بعض واقعات میں اپنے والدین کو بھی بخشا نہیں گیا ہے۔