لازوال ڈیسک
جموں؍؍کمشنر سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر شیتل نندا نے آج بلاک اکھنور کے کمیونٹی ہال گُرہابرہمنا ایسٹ میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی جس کے دوران اُنہوں نے عوامی اور ترقیاتی مسائل پر بات کی۔
عوامی دربار میں مقامی لوگوں کی پُر جوش شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے سماجی بہبود کے فوائد سے متعلق معاملات بالخصوص بزرگوں اور جسمانی طور خاص اَفراد کو متاثر کرنے والے معاملات اٹھائے۔
کمشنر سیکرٹری نے مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے سماجی بہبود کی سکیموں اور ان کی اہلیت کے معیار کے بارے میں تفصیلی وضاحت فراہم کی۔ اُنہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے اِنتظامیہ کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ہم مقامی لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اِنفرادی اور عوامی دونوں مسائل کو آگے لے آئیں۔
اُنہوں نے موقعہ پر ہی متعدد مسائل کو حل کیا اور مزید غور و خوض کی ضرورت والے معاملات کے لئے ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے تمام عوامی وفود کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور تمام بڑے اور معمول کے مسائل کو نوٹ کیا گیا ہے اور انہیں منظم طریقے سے حل کیا جائے گا۔
لوگوں نے کمشنرسیکرٹری کے ساتھ بات چیت کرنے دوران جل جیون مشن کے کاموں کی پیش رفت کی ستائش کی اور کچھ شکایات کا اظہار بھی کیا۔ ہینڈ پمپ کی فعالیت اور زیر زمین پانی کے منصوبوں کے بارے میں مسائل، بجلی سے متعلق امور بشمول سمارٹ میٹروں اور کٹوتی کے شیڈول پر بھی توجہ دلائی گئی۔ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور اَنٹرپرینیورشپ سپورٹ تبادلہ خیال کے کلیدی موضوعات کے طور پر اُبھرکر سامنے آئے۔لوگوں نے مقامی صحت اور تعلیمی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کی بھی درخواست کی۔
ممبرڈی ڈی سی بھلوال براہمنا نے آبپاشی کی سہولیات، ضروری سرکاری خدمات میں عملے میں اضافہ اور سیلاب پر قابو پانے کے اَقدامات سمیت دیگر ضروری مسائل اُجاگر کئے۔
کمشنر سیکرٹری نے شرکأ کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل اور حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
اِس موقعہ پر اے ڈی سی شیشر گپتا، سی پی او اتم سنگھ، اے سی ڈی ڈاکٹر وکاس شرما، ایس ڈی ایم اکھنور، ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر اور مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔