سرینگر؍ :کے این ایس / کروڑوں روپے کی لاگت سے نصب کی گئی سولر اسٹریٹ لائٹس شہر سرینگر سمیت کئی قصبہ جات میں 6 ماہ بعد ہی بے کار پڑی ہوئی ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں انکوائری کے ساتھ ساتھ الیکٹرک ونگ کو بھی متحرک کیا جائیگا ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کو معلوم ہوا ہے کہ شہر سرینگر کے علاوہ بڈگام اور اننت ناگ میں غیر معمولی فیصلے اور توانائی کے بچانے اور محفوظ رکھنے کے منصوبے کے تحت کروڑوں روپے کی لاگت سے سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ سرینگر میں یہ اسٹریٹ لائٹس کئی سڑک رابطوں کے ساتھ ساتھ پبلک پارکوں میں نصب کی گئیں جبکہ بڈگام ، اننت ناگ ، پلوامہ ، کولگام اور شوپیاں میں بھی اسی طرح یہ سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ ان اسٹریٹ لائٹس کو آر اینڈ بی کی الیکٹرک ونگ نصب کرتی ہے جبکہ اس ضمن میں باضابطہ طور پر ٹینڈر نوٹس بھی جاری کئے جاتے ہیں ۔ سرینگر ، بڈگام اور جنوبی کشمیر کے 4 اضلاع میں گزشتہ کئی ماہ سے یہ سولر اسٹریٹ لائٹس بے کار پڑی ہوئی ہے۔جنوبی کشمیر کے نامہ نگار کے مطابق کھنہ بل سے پہلگام روڑ پر نصب کی گئی سولر اسٹریٹ لائٹس یا توڑ پھوڑ کی شکار ہوچکی ہے یا بیکار پڑی ہیں۔نامہ نگار کے مطابق آر اینڈ بی کے الیکٹرک ونگ نے یہ اسٹریٹ لائٹس نصب کی تھیں ،جو مکمل طور ٹھپ ہیں ۔نامہ نگار کے مطابق ان اسٹریٹ لائٹس کو نصب کر نے کے دوران غیر معیاری میٹریل کا بھی استعمال کرنے کا نکشاف ہوا ہے ،جسکی وجہ سے یہ لائٹس روشنی دینے کی بجائے گھپ اندھیرے کو جنم دے رہی ہے