ایک مہینے میں ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے کی یاترا
یواین آئی
سری نگروادی کشمیر میں جاری شری امرناتھ جی یاترا کے لئے یاتریوں کے جوش وخروش اور رش کا حال یہ ہے کہ امسال یاترا کے ایک مہینے میں ہی سال گذشتہ کی یاترا کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 29 جون سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران 27 جولائی تک 4 لاکھ 53 ہزار 3 سو 16 یاتری کشمیر میں 3 ہزار 8 سو 80 فٹ کی بلندی پر واقع پوتر گھپا کے درشن سے فیضیاب ہوئے ہیں جبکہ یاترا میں ابھی تین ہفتے باقی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ کی یاترا جو 62 دنوں پر محیط تھی، کے دوران صرف ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے یہ یاترا انجام دی تھی۔
بتادیں کہ سال گذشتہ شری امرناتھ جی یاترا 30 جون سے شروع ہو کر 31 اگست کو اختتام پذیر ہوئی تھی. سال 2022 میں 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں کو یہ اہم یاترا انجام دینے کا شرف حاصل ہوا تھا۔
دریں اثنا جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے اتوار کی صبح 16 سو زیادہ یاتریوں کا ایک اور قافلہ کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کمیپ سے اتوار کی صبح 1 ہزار 6 سو 77 یاتری 67 گاڑیوں میں سخت سیکورٹی حصار میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع ننون پہلگام بیس کیمپ اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع بالتل بیس کیمپ کے لئے روانہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں سے 1 ہزار 2 سو 69 یاتری ننون پہلگام بیس کیمپ جبکہ 4سو 8 یاتری بالتل بیس کیمپ کے لئے روانہ ہوئے۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 28 جون کی صبح 4 ہزار 6 سو 3 یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کے لئے روانہ کیا تھا۔
وادی میں انتظامیہ، سول سوسائٹی تنظمیوں، تجارتی یونیوں اور عام لوگوں نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتطامات کئے گئے ہیں۔ جہاں یاتریوں کو تمام سہولیات و خدمات بہم پہنچانے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں وہیں سیکورٹی کا بھی فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔52 دنوں پر محیط یہ یاترا 19 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔