حیدرآباد، // وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر امت شاہ نے ہفتہ کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ان کے سیاسی حلیفوں پر وزیر اعظم نریندر مودی کے مستقبل کے سیاسی منصوبوں کے بارے میں "کنفیوژن پھیلانے” کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ اگلی مدت پوری کریں گے اور اس سے آگے بھی ملک کی قیادت کریں گے۔
اس سے پہلے آج دہلی میں مسٹر کیجریوال نے کہا تھا کہ مسٹر مودی مسٹر شاہ کو وزیر اعظم بنانے کے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں اور وہ خود اگلے سال 75 سال کی عمر پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
مسٹر شاہ نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی کے آئین میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی گئی ہے جس کے مطابق مسٹر مودی کو 75 سال کی عمر پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پارٹی کے اندر کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔
مسٹر شاہ نے کہاکہ "میں اروند کیجریوال اور کمپنی اور انڈیا گروپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ مودی جی 75 سال کے ہو جائیں گے اس پر خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے آئین میں یہ کہیں نہیں لکھا ہے کہ وہ 75 سال بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
ان انتخابات میں بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی جیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ”مودی اگلی مدت پوری کریں گے اور وہ مستقبل میں بھی ملک کی قیادت کرتے رہیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بی جے پی کے اندر انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اور اے اے پی کے کوآرڈینیٹر مسٹر کیجریوال نے دہلی حکومت کی متنازعہ شراب کنٹراکٹ پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کے معاملے میں عبوری ضمانت پر جیل سے باہر آنے کے ایک دن بعد آج دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم مودی مسٹر شاہ کو وزیر اعظم بنانے کے لیے پس منظر تیار کر رہے ہیں اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو سائیڈ لائن کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔