ہائی سکول باس اور مڈل سکول گواہلہ کہ سلسلہ میں ہوئی بات چیت
نمائندہ لازوال
رام بن //نیشنل پنتھرس پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری سیوا سنگھ بالی گزشتہ رو ز ڈی سی رام بن سے ملاقی ہوئے۔ اس دوران سیواسنگھ بالی نے ضلع ترقیاتی رام بن سے ہائی سکول باس ملیگام ، اور مڈل سکول گواہلہ ملیگان کے سلسلے میں تفصیلی بات کی ۔ انہوں نے ڈی سی سے کہا کہ میں گزشتہ ہفتہ عوام کی دعوت پر ہائی سکول باس اور مڈل سکول گواہلہ کا خصوصی دورہ کیا تھا اور اس دوران میں نے ہائی سکول باس میں گیا تو وہاں پر موجود اسٹاف اور بچوں نے شکایت کی کہ ہم عرصہ دراز سے کھلے آسمان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،بارش بارانی اور خراب موسم میں گھر میں رہنے کو ترجیحی دیتے ہیں کیونکہ اگر ہم سکول جائیں گے تو ہمیں سکول میں بیٹھے کی جگہ ہی نہیں ہے ۔جبکہ انہوں نے کہاکہ اس سکول کی دوکمروں پر مشتمل بلڈنگ گزشتہ سال تعمیر ہوئی تھی جس کی تعمیر مکمل بھی ہوگئی ہے لیکن ٹھیکیداروں نے ابھی تک سکول کے منتظمین کے حوالے نہیں کی ہے جس کی وجہ سے بچوں کو پریشانیوں کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔اس کے بعد میں مڈل سکول گواہلہ کا دورہ کیا تو وہاں پر اساتذہ اور عوام نے بتا یا کہ اس سکول کے لئے ایک بلڈ نگ 2008میں منظور ہوئی تھی اورکام بھی اسی وقت شروع ہوا تھا جس کی تخمینہ لاگت چار لاکھ 90ہزار روپے تھی ۔ انہوں نے کہاکہ جب یہ بلڈنگ منظور ہوئی تو ٹھیکیدار نے اس پر کام شروع کر دیا اور پلنتھ ڈال کر تقریباً90ہزار روپے کی بل نکال بھی لی لیکن اس کے بعد اسکول کی بلڈنگ کا کوئی بھی کام نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی محکمہ آفیسر اس بارے میں کوئی جانکاری حاصل کر تا کہ بلڈنگ کا کام کیوں روک دیا گیا ہے ۔بالی نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی سے کہا کہ ہائی سکول باس میں اس وقت تقریباً200سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن انہیں بیٹھنے کی جگہ نہیں ہے ۔بالی نے ڈی سی سے کہا کہ آپ فوری طور پراس سلسلے میں کاروائی کرے تاکہ بلڈنگ اسکول کے منتظمین کے حوالے کی جا ئے تاکہ بچے اس بلڈنگ میں آگے کی تعلیم جاری رکھ سکیں ۔وہیں انہوں نے کہاکہ مڈل سکول گواہلہ کی بلڈنگ کا تعمیری کام جو کہ 2008میں کچھ پیسے نکال کر بند کر دیا گیا اسے دوبارہ شروع کیا جا ئے تاکہ بچوں کو مستقبل میں بھی کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل نہ کر نی پڑے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنرنے اسی وقت سی ای او رام بن سے فون کر کے تمام حالات کی جانکاری دینے کے لئے ایک ہفتہ کی مہلت دی اور بالی کو یقین دلایا کہ جتنے میں جائز مسائل ہوں گے انہیں حل کیا جا ئے گا۔ آخر پر بالی نے ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ۔