عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کا اظہار صدمہ،دیگر کئی سیاسی اور سماجی شخصیات کا اظہار تعزیت
یو این آئی
سری نگر؍؍ جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی کے سینئر لیڈر سرتاج مدنی کے فرزند کی اچانک موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔بتادیں کہ سرتاج مدنی کے جوان سال فرزند اروت مدنی کی گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔ وہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے ممیرے بھائی تھے۔
سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اروت مدنی کے انتقال پر اظہار دکھ کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘پی ڈی پی کے سینئر لیڈر سرتاج مدنی کے فرزند اروت مدنی کی اچانک موت کی خبر سن کر گہرا صدمہ ہوا’۔انہوں نے کہا: ‘موت بے وقت ہی ہوتی ہے لیکن کسی کا 30 کی دہائی کی عمر میں ہی انتقال کرنا زیادہ تکلیف دہ ہے’۔انہوں نے سرتاج مدنی اور محبوبہ مفتی سمیت جملہ اہلخانہ کو تعزیت پیش کی۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ممیرے بھائی کے انتقال پر اظہار دکھ کرتے ہوئے ‘ ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘انتہائی تکلیف کے ساتھ لکھتی ہوں، ہم نے سرتاج صاحب کے فرزند اروت مدنی کو کھویا جن کی آج صبح حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی’۔انہوں نے کہا: ‘ہم اپنے درد کو الفاظ کا جامہ پہنانے سے قاصر ہیں ہم نے ان کی پرورش ایک بیٹے کی طرح کی، ان کو سخت یاد کیا جائے گا’۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘یہ تکلیف دہ خلا کبھی پورا نہیں ہوسکے گا’۔