سید محمد الطاف بخاری نئی دلی میں مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقی

0
0

پونچھ میں شہری ہلاکتوں پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا، ملوثین کو کڑی سے کڑی سزا دلانے کا مطالبہ
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور پونچھ میں تین شہریوں کی ہلاکت کے حالیہ واقعہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ سے مانگ کی کہ ملوثین کو کڑی سے کڑی سزا یقینی بنائی جائے۔موصولہ بیان کے مطابق وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران سید محمد الطاف بخاری نے زور دیا کہ پونچھ میں تین شہریوں کی ہلاکت میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا، ’’اس واقعہ سے جموں و کشمیر کے لوگ شدید دکھی ہیں۔ وہ انصاف چاہتے ہیں۔ ذمہ دار افراد کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔‘‘سید محمد الطاف بخاری نے وزیر داخلہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کسی شہری کی موت یا انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔ شہریوں کے قتل عام کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ایسا ہونا چاہیے۔بیان میں کہا گیا، ’’اس پر وزیر داخلہ نے سید محمد الطاف بخاری کو یقین دلایا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مستقبل میں کسی شہری کی ہلاکت نہ ہو، اور تین شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں کے ذمہ داروں کو زمینی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔‘‘مزید برآں، سید محمد الطاف بخاری نے جموں و کشمیر میں جاری بجلی بحران کا مسئلہ بھی وزیر داخلہ کی نوٹس میں لایا اور جموں و کشمیر میں سخت سردی کے دنوں میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بجلی کی اضافی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے لوگ ان سخت سردی کے ایام میں بجلی کی قلت سے دوچار ہیں۔ یو ٹی کو اضافی بجلی کی فراہمی کی فوری ضرورت ہے تاکہ ضروریات پوری ہوں۔ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ جموں و کشمیر کو بجلی کی اضافی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔‘‘

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا