کہاصرف ڈی پی اے پی حکومت جموں و کشمیر میں ترقی کے دور کا آغاز کر سکتی ہے
لازوال ڈیسک
رام بن؍؍ڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے لوگوں سے وعدہ کیا کہ ان کی سیاست ہمیشہ اخلاقی اور سماجی اقدار پر مبنی ہوگی اور وہ مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں کبھی بھی امتیاز نہیں برتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی اے پی کی بنیاد خود انہی اصولوں پر ہے کیونکہ شمولیت اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں اور صرف میرٹ کو فروغ دیتے ہیں۔آزاد نے کہاکہ میرے سیاسی کیریئر میں، میں نے کبھی کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا اور نہ ہی کسی خاص مذہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے کسی کی مدد کی۔ کیونکہ اگر ہم اس طرح کے ہتھکنڈوں پر عمل کرتے ہیں تو یہ تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے رام بن میں ایک جلسہ عام سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔ آزاد نے کہا کہ کام خود میری کثیریت کی وکالت کررہے ہیں کیونکہ میں نے جموں و کشمیر میں جو اضلاع، کالج، اسپتال اور دیگر ترقیاتی کام کیے ہیں وہ درحقیقت تمام انسانوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں نہ کہ کسی خاص کمیونٹی کو۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اقتدار میں آتے ہیں تو وہ اپنے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رہ جانے والے تمام کام ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد تمام مذاہب اور سماجی طبقے کے لوگوں کے لیے کام کرنا ہے جہاں کوئی امتیاز نہ برتا جائے اور پوری انسانیت کو فائدہ ہو۔انہوں نے کہاکہ میں ان علاقوں میں مزید اسپتال اور کالج بنانے پر توجہ دوں گا جو دور ہیں اور لوگ اس طرح کی سہولیات کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔آزاد نے کہاکہ سڑکوں کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جائے گی اور دیہی علاقوںکو شہروں اور قصبوں سے جوڑا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں ہمارے لوگوں کے لیے معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع یقینی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ کبھی نفرت کی سیاست نہیں کریں گے اور ووٹ کے لیے مذہب کونہیں پکاریں گے۔انہوں نے کہاکہ میں میرٹ اور کام کی سیاست پر سخت یقین رکھتا ہوںاور میں اپنا رپورٹ کارڈ اپنے لوگوں کے سامنے رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ کارڈ کھیلے بغیر لوگ ترقیاتی اور مثبت سیاست کی تعریف کرتے ہیں جس کی عکاسی ریلی میں ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہزاروں لوگ یہاں میری ریلی میں آئے کیونکہ وہ اس علاقے میں میرے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہیں۔آزاد نے کہاکہ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ اس طرح کے مزید منصوبے سامنے آئیں گے اور اگر مجھے دوبارہ اپنے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع دیا گیا تو رامبن ملک کے جدید اضلاع میں سے ایک ہوگا۔ وہیںجلسہ عام میں جی ایم ایس سروڑی وائس چیئرمین، آر ایس چب جنرل سکریٹری، جگل کشور شرما صوبائی صدر، عبدالمجید وانی جنرل سکریٹری، سلمان نظامی ترجمان اعلیٰ، انیتا ٹھاکر جنرل سکریٹری، ارون سنگھ راجو سکریٹری، دھرم چند ضلع صدراور دیگر شامل تھے۔