نئی دہلی، 20 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز تشدد زدہ منی پور میں ایک وائرل ویڈیو کا، جس میں دو خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ اور انہیں برہنہ گھما یا جارہا تھا ،
کا از خود نوٹس لیا اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے جواب طلب کیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ویڈیو دیکھ کر ہم بہت پریشان ہیں۔ ہم حکومت کو اقدامات کرنے کا وقت دیتے ہیں۔ اگر وہاں کچھ نہیں ہوا تو ہم قدم اٹھائیں گے۔
جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور منوج مشرا کی بنچ نے منی پور حکومت اور مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر بتائے کہ دل دہلا دینے والے اس واقعہ میں اس نے اب تک کیا کارروائی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی بتانے کے لئے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہونے کے لیے اس نے کیا اقدامات کیے ہیں۔
اس ویڈیو میں نظر آنے والے واقعہ کو انتہائی پریشان کن قرار دیتے ہوئے بنچ نے کہا کہ اگر حکومت اس معاملے میں کارروائی نہیں کرتی ہے تو عدالت اسے نظر انداز نہیں کر سکتی، وہ اپنا فرض پورا کرے گی۔
سپریم کورٹ نے معاملے کی اگلی سماعت 28 جولائی کو طے کی ہے۔