یواین آئی
نئی دہلی؍؍سپریم کورٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی گرفتاری کے بعد عدالتی حراست میں جیل میں بند سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواست منگل کو مسترد کر دی۔جسٹس اروند کمار اور جسٹس سندیپ مہتا کی تعطیلاتی بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد یہ حکم جاری کیا۔ضمانت کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کرتے ہوئے بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ کیس کے میرٹ پر کچھ نہیں کہہ رہی ہے۔ درخواست گزار (سسودیا) ضمانت کے لیے ازسرنو درخواست دینے کے لیے آزاد ہے۔عدالت عظمیٰ نے کہا، "ہم (میرٹ پر) کچھ نہیں کہیں گے۔ ہم آپ کی درخواستوں کو بحال کرنے کے لیے آزادی کے ساتھ نمٹائیں گے۔ ہم میرٹ پر کچھ نہیں کہہ رہے ہیں۔”
سپریم کورٹ نے ای ڈی کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کا یہ بیان ریکارڈ کیا کہ حتمی چارج شیٹ 3 جولائی تک داخل کردی جائے گی۔دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سسودیا کو 26 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ خصوصی عدالت کی طرف سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد انہوں نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں 21 مئی کو ان کی اپیل مسترد کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔