یواین آئی
واشنگٹن؍؍جنگ زدہ سوڈان میں مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے نیم فوجی دھڑوں کے درمیان مسلح تصادم میں اپریل کے وسط سے اب تک کم از کم 604 افراد ہلاک اور 5,127 دیگر زخمی ہو ئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے ترجمان طارق جسار نے منگل کے روز اقوام متحدہ کی بریفنگ میں بتایا کہ "سوڈان کی وفاقی وزارت صحت کی جانب سے تازہ ترین ہلاکتوں کی تعداد کے مطابق ابھی تک 604 اموات اور 5,127 افراد زخمی ہوئے ہیں۔”ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اپریل کے وسط سے اب تک سوڈان میں صحت کے مراکز پر کم از کم 28 حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سوڈان کے دار الحکومت خرطوم میں 15 اپریل کو سوڈانی مسلح افواج اور آر ایس ایف کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ سرکاری فوج نے RSF پر بغاوت کا الزام لگایا اور ان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کیے۔ سوڈانی فوج کے سربراہ نے آر ایس ایف کو ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ فریقین نے ملک بھر میں متعدد عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے لیکن ابھی تک تنازعہ حل نہیں ہوا ہے۔