امیٹھی، 29 جون (یو این آئی) اتر پردیش کے امیٹھی میں پولس نے بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد کو مسلسل دھمکیاں دینے والے اور قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
‘چھتریہ آف امیٹھی’ کے نام سے فیس بک آئی ڈی سے کیے گئے متنازعہ پوسٹ کا نوٹس لیتے ہوئے پولس نے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ پانچ دن پہلے بھی اس فیس بک آئی ڈی سے بھیم آرمی چیف کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب اس پورے معاملے میں امیٹھی کے پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایلامران نے کہا کہ وائرل پوسٹ پر نوٹس لیا گیا ہے اور اس پورے معاملے پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اس معاملے میں امیٹھی ضلع ہیڈکوارٹر گوری گنج کوتوالی میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ دن پہلے امیٹھی میں چندر شیکھر آزاد کے حوالے سے ایک فیس بک پوسٹ کیا گیا تھا، جس میں انہيں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ویملیش سنگھ نامی نوجوان کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
بدھ کے روز بھیم آرمی چیف چندر شیکھر عرف راون پر ہوئے جان لیوا حملے کا امیٹھی کنیکشن منظر عام پر آ گیا ہے۔ ‘چھتریہ آف امیٹھی’ کے نام سے بنائے گئے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ کی گئی جس میں بھیم آرمی کے بانی اور آزاد سماج پارٹی کے صدر چندر شیکھر کے بارے میں متنازعہ پوسٹ کیا گیا ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ چندر شیکھر راون کو جب بھی بھی ماریں گے، امیٹھی کے ٹھاکر ماریں گے، اسے مار ڈالو، وہ بھی دن دہاڑے، چوراہے پر۔
بدھ کے روز چندر شیکھر پر حملے کے بعد اسی فیس بک آئی ڈی سے ایک اور پوسٹ لکھا گیا۔ جس میں لکھا تھا کہ ‘بھیم آرمی چیف چندر شیکھر راون پر جان لیوا حملہ، راون کی کمر پر چوٹ لگی، وہ بچ گئے، اگلی بار نہیں بچیں گے۔ متنازعہ پوسٹ کا نوٹس لیتے ہوئے امیٹھی پولس نے گوری گنج تھانے میں کیس درج کیا ہے۔