لوگوں نے کیا احتجاجی مظاہرہ، کہاالیکشن کے دوران لوگوں کے ساتھ وعدے وفا نہ ہوئے
لطیف ملک
گول ؍؍ سب ڈویژن گول کی سنگلدان نیابت کے ٹھٹھارکہ سیری پورہ علاقہ میں آج لوگوں نے سڑک کی حالت ابتر ی پر شدید احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ اور سیاسی لیڈران کے خلاف نعرے بازے کی اور کہا الیکشن کے دوران لوگوں کے ساتھ بڑے بڑے وعدے کئے جاتے ہیں لیکن بعد میں یہ تمام لیڈران غائب ہو جاتے ہیں۔مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرنڈا ، ماولکوٹ ٹھٹھارکہ روڈ جو کہ پی ایم جی ایس وائی کے سپرد ہے اس کی حالت نہایت ہی خستہ ہے ۔لوگو ں کو یہاں چلنا بھی دشوار بن گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ڈی ڈی سی چیر پرسن ڈاکٹر شمشادہ شان نے علاقہ کے لوگوں کے ساتھ الیکشن کے دوران وعدہ کیا تھا کہ سڑک کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا لیکن تب سے لے کر انہوں نے اس کی طرف نظر تک نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اگر چہ اس سے قبل بھی سڑک کی حالت ابتری پر انتظامیہ اور عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا تھا لیکن کسی نے عوام کی طرف کوئی خیال نہیں کیا عوام بے یارومدد گار ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ ہائر سکینڈری سکول سنگلدان تک پچھلے سال ہی بلیک ٹاپ کیا گیا تھا لیکن ایک سال کے اندر اندر اس کی حالت ابتر ہوگئی۔ انہوںنے کہا کہ وہیں یہاں پر کچھ حصہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت آتا ہے۔اْس کی حالت بھی نہایت ہی ابتر ہے۔ ان سڑکوں پر ریلوے کمپنیوں کے بڑے بڑے ٹیپر ، مشینری بھی چلتی ہیں جس وجہ سے سڑک کی حالت بھی ابتر ہو جاتی ہے۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقہ میں سڑکوں کی حالت کو جلد از جلد بہتر بنایا جائے تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔