ریاض، // سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے چیئرمین عبدالعزیز بن عبداللہ الدعیلج نے دورہ چین کے دوران اپنے چینی ہم منصب سونگ جیو کے ساتھ ہوائی نقل و حمل کے شعبے میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
العربیہ کے مطابق تعاون کے شعبوں میں سٹیشنوں کی تعداد کو بڑھانا، ہوائی ٹریفک کی ترقی کو بڑھانا، دونوں ملکوں کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ہوائی مال برداری کے شعبے میں تعاون کے فریم ورک کو تیار اور منظم کرنا شامل ہے۔ سعودی ’’ ویژن 2030‘‘ کے تحت قومی ہوا بازی کی حکمت عملی کے اہداف کے مطابق عالمی باہمی روابط کو بڑھانے، تجارتی لین دین بڑھانے اور سعودیہ اور چین کے درمیان اقتصادی ترقی کی حمایت کو بھی مفاہمتی یادداشت کا حصہ بنایا گیا۔
مفاہمت کی یادداشت دونوں فریقوں کے درمیان تعاون اور فضائی نقل و حمل کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی خواہش کے دائرے میں سامنے لائی گئی ہے۔ اسی سلسلے میں جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر نے بیجنگ سٹی کی ڈپٹی گورنر سیما ہونگ اور بیجنگ میں تجارت کے فروغ کے لیے چینی کونسل کے چیئرمین گو ہوا گینگ سے ملاقات کی جس میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔