سیکورٹی منظر نامے کے حوالے مختلف امور زیر بحث آئے،افسروں پر کشمیر صوبے میں قیام امن کو یقینی بنانے پر زور دیا
یواین آئی
سری نگر؍؍انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) کشمیر وی کے بردی نے جمعے کے روز یہاں ضلع پولیس دفتر سری نگر میں ایک میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران افسروں پر کشمیر صوبے میں قیام امن کو یقینی بنانے پر زور دیا۔آئی جی کشمیر نے یو اے پی اے کے تحت آنے والے کیسوں کی جانچ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں سیکورٹی منظر نامے کے مزید استحکام کو یقینی بنانے کے لئے آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے یہاں ضلع پولیس دفتر سری نگر میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران سیکورٹی منظر نامے کے حوالے مختلف امور زیر بحث آئے۔ان کا کہنا تھا کہ موصوف آئی جی پی نے درپیش موجودہ سیکورٹی خطرات وچیلنجز کی تشخیص پر زور دیا۔آئی جی کشمیر کو میٹنگ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے اور انسداد دہشت گرد کارروائیوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے میٹنگ کے دوران مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ وادی میں پر امن ماحول کو برقرار رکھنے کی خاطر آپسی تال میل ناگزیر ہے۔آئی جی پی کشمیر نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت آنے والے کیسوں کی جانچ کے معیار کو بہتر بنائے۔انہوں نے یو اے پی اے مقدمات کے سلسلے میں سزا کی شرح کو یقینی بنانے کے لئے جانچ کے معیار اور تکنیک کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے یو اے پی اے کے مقدمات کے مطلوبہ عمل کی پیروی کے لیے نوڈل افسران کو نامزد کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مقدمات کو مقررہ مدت کے اندراندر عدالتی تعین کے لیے پیش کیا جائے۔پولیس بیان کے مطابق مسٹر بردی نے افسروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی
بھی سیکورٹی واقعے سے نمٹنے کے لئے فوری کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔پولیس بیان میں کہا گیا: ‘آئی جی پی نے مجموعی سیکورٹی صورتحال کے استحکام کے لئے مختلف قابون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ہونے پر زور دیا’۔انہوں نے کہا کہ موصوف آئی جی پی نے سیکورٹی ایجنسیوں اور عوام کے درمیان تعاون اور اعتماد کی بنیادوں پر مثبت تعلقات بنانے پر زور دیا’۔بیان کے مطابق انہوں نے انٹلی جنس شیئرنگ میکانزم کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ڈی آئی جی بی ایس ایف مکھرجی، ڈی آئی جی سی آر پی ایف ایڈمن دنیش کمار، ڈی آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز پی کے مہرا، انٹیلی بیورو سری نگر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکھلیش چندری، ڈی آئی جی ایس ایس بی امتیاز اسماعیل پرے، ڈی آئی جی آئی آر عبدالقیوم ، ڈی آئی جی سی آئی ڈی، الطاف احمد خان، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رائیس بٹ، ڈی آئی جی این کے آر وویک گھپتا، ایس ایس پی سری نگر آشیش کمار مشرا، ایس ایس پی پی سی آر شوکت حسین شاہ، لیٹیننٹ کرنل پی کے ساتھ اور سبھی اضلاع کے ایس ایس پی نے شرکت کی۔