سری نگر، // وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ رام بن میں بھاری بارشوں کے باعث بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر برف جمع ہونے کے باعث ٹریفک کے لئے مسلسل بند ہے۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘قومی شاہراہ پر رام بن میں مہاڑ – کیفٹیریا اور بانہال میں چملواس کے مقام پر بھاری بارشوں کے باعث بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے’۔
حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے احتراز کریں۔
بتادیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بھاری بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔