گھنٹوں سڑکوں پر گاڑیوں کیلئے انتظار کرنا پڑتا ،ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے خصوصی مداخلت کی اپیل
ناظم علی خان
مینڈھراسکولی طالبات کے لئے انتظامیہ کی طرف گاڑیوں کا بندو بست نہ ہونے کی وجہ سے طالبات کو کئی گھنٹوں تک بس اڈہ پر گاڑی کا انتظار کرنا پڑتا ہے کیونکہ بس اڈہ پر محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے بیٹھنے کے لئے بھی کوئی شیڈ نہیں بنایا ہوا ہے جس میں گاڑیوں پر سفر کرنے والے لوگ شیڈ میں بیٹھ کر گاڑی کا انتظار کر سکیں ۔ اس سلسلہ میںبچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے گورنمنٹ اسکول کے بچوں کے لئے گاڑیوں کا کوئی انتظام نہیں کیا ہے جبکہ ہم نے کئی بار انتظامیہ سے درخواست بھی کی کہ صبح اور شام کو گاڑیوں کا بندو بست کیا جائے تاکہ بچے آرام سے سکول آ جا سکیں ان کا کہنا تھا کہ بڑی پریشانی لڑکیوں کی ہے جنھیں صبح بھی سڑک پر کھڑا رہ کر انتظار کرنا پڑتا ہے اور گھر واپس آتے وقت بس اڈہ پر ایک لمبی قطار بنا کر اسکولی بچیاں کھڑی ہوتی ہیں لیکن گاڑی وقت پر نہ ہونے کی وجہ سے ان کو دیر شام گھر واپس آنا پڑتا ہے جس سے ان کی پڑھائی بھی بڑی حد تک متاثر ہوتی ہے ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر علاقہ کے اندر سومو گاڑیاں چلتی ہیں جس پر بچیوں کا سفر کرنا نہائت ہی مشکل ہوتا ہے کیونکہ سومو ڈرائیور بارہ سے پندرہ مسافر گاڑیوں میں بٹھا کر چلتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اسکولی بچوں کے لئے بسیں لگائی جائیں تاکہ صبح اور شام وقت پر اپنے اسکول پہنچ سکیں اور وقت پر واپس گھر پہنچ سکیں تاکہ ان کی تعلیم بھی متاثر نہ ہو۔عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے اپیل کی کہ اپنے آبائی علاقہ میں اسکولی بچوں کے گاڑیوں کا بندو بست کیا جائے اور بچوں کو کرائے میں رعایت بھی دی جائے تاکہ بچے آرام سے سفر کر سکیں۔