بار ایسوسی ایشن سانبہ کا احتجاج،سب رجسٹرار کے حقوق واپس لینے کا مطالبہ،خاتون ایس ڈی ایم نے وکلاء پر سنگین الزامات بھی لگائے
ابھیشیک بڈیال
سانبہ؍؍ سانبہ بار ایسوسی ایشن نے ایس ڈی ایم گھگوال کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے سب رجسٹرار کے اختیارات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ حال ہی میں سانبہ بار ایسوسی ایشن کے بینر تلے وکلائ نے گھگوال میں ایس ڈی ایم دفتر پر احتجاج کیا تھا اور ایس ڈی ایم گھگوال کے خلاف نعرے لگائے تھے۔وکلاء نے ایس ڈی ایم گھگوال پر الزام لگایا تھا کہ وہ اراضی کا رجسٹریشن کروانے آنے والے لوگوں اور وکلاء کو ہراساں کرتی ہیں اور اپنے مؤکلوں کو ایس ڈی ایم وکلاء کے خلاف اکساتی ہیں۔سانبہ بار ایسوسی ایشن کے صدر مندیپ سمبیال نے کہا کہ ایس ڈی ایم گھگوال کے سیکورٹی اہلکاروں نے دو دن قبل ایس ڈی ایم آفس گھگوال پہنچنے والے وکلاء پر بندوق تانی اور وکلاء کو دھمکی دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم گھگوال اب وکلاء کے ساتھ ہاتھا پائی اور بدتمیزی کے بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی تمام وکلاء سخت مخالفت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلاء نے گزشتہ دو روز سے بطور احتجاج عدالت کا کام بند کر رکھا ہے اور اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنا احتجاج مزید جاری رکھیں گے۔