چوہدری عبدالغنی کا17 جنوری کو پریڈ گراونڈ پونچھ میں ہلّا بول کا اعلان
سرفرازقادری
مینڈھر؍؍مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں کانگریس ضلع صدر و رکن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ چوہدری عبدالغنی کی قیادت میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں کمشنر سیکریٹری و دیگر محکمہ مال کی جانب سے عوام کو سرکاری زمین و مکانوں سے بے دخلی کے فرمان جاری کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے ان سرکاری فرمانوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن حکم قرار دیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 17 جنوری بروز منگلوار کو پریڈ گراونڈ پونچھ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ان سرکاری فرمانوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کر سرکار کے خلاف ہلّا بولیں تاکہ اس گونگی بہری سرکار تک اپنی بات پہنچائی جاسکے اور انہیں بتایا جا سکے کہ ہم یہاں کہ رہائشی ہیں کرائے دار نہیں کہ جب جس کا جی کرے وہ ہمیں ہماری پشتینی زمینوں سے نکال دے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ صدیوں سے ان زمینوں پر رہائش پذیر ہیں اور آج اچانک محکمہ مال کے ریکارڈ سے انکے اندراجات منسوخ کر انہیں غیر قانونی قرار دیا جارہا ہے جو سراسر غلط ہے اور ہم اس کے خلاف سڑکوں پر اتریں گے جب تک سرکار اس طالبانی فرمان کو واپس نہ لے۔