خراب موسمی حالات کے پیش نظر امر ناتھ یاترا پہلگام اور بالہ تل روٹوں سے عارضی طور معطل
سنگلا نے چندنواری سے گپھا تک پیدل دورہ کیا ، یاترا کے انتظامات کا جائیزہ لیا ،یاتریوں سے بات چیت
یواین آئی
جموں؍؍جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امرناتھ جی مندر کی یاترا کے لئے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کے روانہ ہونے کا سلسلہ انتہائی جوش وخروش سے جاری ہے۔ذرائع کے مطابق بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعے کی صبح 7 ہزار10 یاتری بالتل اور ننون پہلگام بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ یہ یاتری 247 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی کے بیچ کشمیر کے لئے روانہ ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا میں اب تک اسی ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔بتادیں کہ 62 دنوں پر محیط یہ سالانہ یاترا 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔جموں و کشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فقید المثال انتظامات کئے ہیں۔سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران اس بار متعدد ڈرونز کے ذریعے بھگوٹی نگر جموں سے لے کر پوترا گھپا تک چوبیس گھنٹے نگرانی رکھی جائے گی تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔درجنوں ڈرونز امر ناتھ یاتریوں کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھیں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کو جانکاری فراہم کریں۔جموں کے سرحدی علاقوں میں پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشتبہ شئی کے بارے میں وہ فوری طورپر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کریں۔اُدھرناسازگار موسمی صورتحال کے پیش نظر جمعے کی صبح پہلگام اور بالہ تل روٹوں سے سالانہ شری امر ناتھ یاترا کو عارضی طورپر معطل کردیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر جمعے کی صبح پہلگام میں ننون بیس کیمپ پر تین ہزار دو سو اور بالہ تل بیس کیمپ پر چار ہزار یاتریوں کو روکا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پہلگام اور بالہ تل میں شدید بارشوں کے پیش نظر یاترا کو فی الحال روک دیا گیا ہے اور جوں ہی موسم میں بہتری آئے گی تو یاتریوں کو پوترگھپا کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی۔بتادیں کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا کے دوران ابتک 80ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔یاترا کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے دیگر انتظامات کے علاوہ امسال سیکورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے۔وہیںسیکرٹری ریونیو ڈاکٹر پیوش سنگلا جو کہ پہلگام ایکسس پر شری امر ناتھ جی یاترا 2023 کے نوڈل افسر بھی ہیں ، نے چندن واری سے پوتر گپھا تک پورے یاترا ٹریک کا پیدل دورہ کیا اور یاترا کے تمام انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران ڈاکٹرسنگلا نے سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندوں ، پہاڑی ریسکیو ٹیموں ، فائر فائٹنگ ٹیموں کے ساتھ بات چیت کی اور جگہ جگہ طبی انتظامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے یاترا ٹریک کے ساتھ وقفے وقفے سے بہتر طبی سہولیات کی دستیابی پر زور دیا ۔ انہوں نے آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر بھی روشنی ڈالی جو ہر یاتری کی نگرانی کے قابل بناتی ہے اور اس طرح پوری یاترا کے دوران ان کی خیریت کو یقینی بناتی ہے ۔ پیدل سفر کے دوران نوڈل آفیسر نے راستے کے اطراف کی سہولیات ، بیت الخلاء کی سہولیات ، ٹریک کی صفائی ، کیمپوں میں کئے گئے انتظامات کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کی فراہمی کا بھی جائیزہ لیا ۔ ڈاکٹر سنگلا نے سفر کیلئے ٹریک کی موزونیت کو یقینی بنانے اور نازک مقامات پر ضروری حفاظتی اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی زبردست کوششوں پر مزید روشنی ڈالی ۔ یاتریوں کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے انتظامات کے حوالے سے مثبت رائے حاصل کی ۔