ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگوں کو ارکان قانون سازیہ کو بااختیار بنانے کےلئے کلیدی اہمیت کے حامل ۔ دورجے
بورڈ نے سال 2018-19 ءکےلئے 141.24کروڑ روپے کو منظوری دی
نندا نے ریاسی کے لئے ایک علاحدہ ٹی ڈی اے قائم کرنے کی وکالت کی
لازوال ڈیسک
ریاسیامداد باہمی اور لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے جو ریاسی کے ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کی صدار ت میں بورڈ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔اس دوران جامع تبادلہ خیال کے بعد سال 2018-19کے لئے ریاسی ضلع کے خاطر 141.24 کروڑ روپے کے کیپکس بجٹ کو منظور ی دی گئی ۔خزانہ کے وزیر مملکت اجے نندا ، راجیہ سبھا ممبر شمشیر سنگھ منہاس ، وائس چیئرمین مشاورتی بورڈ برائے گجر بکروال چودھری گلزار احمد کٹھانہ ، چیئرپرسن سوشل ویلفیئر بورڈ پروفیسر نرمل گپتا ،وائس چیئرمین مشاورتی بورڈ برائے کسان دلجیت سنگھ چپ ، وائس چیئرمین مشاورتی بورڈ برائے شیڈول کاسٹ بھوشن لال ڈوگرہ ، ایم ایل اے گول ۔ ارناس اعجاز احمد خان، ایم ایل اے گلاب گڈھ ممتاز احمد خان، ایم ایل سی شیام لال بھگت ، ڈی سی ریاسی پرسنا راما سوامی جی ، ایس ایس پی ریاسی طاہر حسین اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس میٹنگ میںموجود تھے۔چیرنگ دورجے نے اس موقعہ پر کہا کہ بورڈ میٹنگوں کو ترقیاتی عمل میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اس میں لئے گئے فیصلوں کو صحیح صورت میں عملایا جانا چاہیئے۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مختلف سیکٹروں میں مختص رقومات کو منصفانہ طور استعمال میں لائیں تاکہ ترقیاتی اہداف کو وقت پر حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ مختلف سکیموں کو عملانے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کریں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اجے نندانے کہا کہ ترقیاتی عمل میں عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے لوگوں کی سہولیت کے لئے کئی پروجیکٹ شروع کئے ہیں۔انہوں نے ریاسی کے لئے ایک علاحدہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ وہاں سیاحتی سرگرمیوں کو تقویت حاصل ہوسکے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے مختلف پروجیکٹوں اور سکیمو ں کی پیش رفت کا خاکہ پیش کیا۔مختلف بورڈوں کے چیئرمینوں اور ارکان قانون سازیہ نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور اپنی اپنی آراءسامنے رکھیں۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل کو بھی اُجاگر کیا۔بورڈ نے ضلع کے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے موقعہ پر کئی فیصلہ جات کو بھی منظور ی دی ۔