کہاوزیراعظم کہتے تھے راہل گاندھی شہزادہ ہے،لیکن شہزادے نے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولی
شیراز چوہدری
راجوری؍؍ ایک دہائی کے بعد جموں کشمیر میں اسمبلی کے انتخاب ہو رہے ہیں ۔انتخابی گہما گہمی زوروں پر ہے۔ سبھی سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کا سلسلہ عروج پرہے۔ انتخابی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز اسمبلی حلقہ راجوری میں انڈین نیشنل کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے مشترکہ امیدوار افتخار احمد کی انتخابی مہم میں ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھاعمران پرتاپگڑی نے بلاک ڈھانگری میں عوامی جلسے سے تبادلہ خیال کیا ۔وہیں جلسے میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی اکائی کے لیڈران بھی موجودتھے۔ اس موقع پر اسمبلی حلقہ راجوری کے امیدوار افتخار احمد نے اس حلقہ کی مشکلات موصوف کے سامنے رکھیں۔وہیں عوام سے تبادلہ خیال کے دوران ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھاعمران پرتاپگڑی نے کہا جموں کشمیر کے حالات بدلنے والے ہیں اوریہاں انڈیا الائنس کی سرکار بننے جا رہی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ یہی سرکار جموں و کشمیر کی عوام کی مشکلات اور دکھ درد کا ازالہ کرے گی ۔
اس موقع پر بھاجپا کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے موصوف نے کہا جب ہندوستان میں نفرت کا بازار گرم تھا اس وقت راہل گاندھی نے 4 ہزار کلومیٹر کی پیدل یاترا شروع کی اور اس یاترا کے دوران انہوں نے نفرت چھوڑو بھارت جھوڑو کا نعرہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم راہل گاندھی کو شہزادہ کہتے تھے مگر ان کو یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ شہزادہ ملک کی عوام میں محبت بانٹنے کے لیے 4 ہزار کلومیٹر کا پیدل سفر طے کرے گا ۔موصوف نے کہا برسر اقتدار جماعت نے یہ بھی کہا تھا کہ جموں و کشمیر کی تصویر بدلنے والی ہے اور جموں کشمیر میں اچھے دن آنے والے ہیں مگر جموں کشمیر کی صرف تصویر بدلی ،ریاست سے یوٹی ہوئی لیکن یہاں اچھے دن نہیں آئے،یہاں بدحالی آئی ،بے روزگاری عروج پر رہی، مہنگائی عروج پر رہی اورمگر حکومت صرف تماشہ دیکھتی رہی۔
موصوف نے مزید کہا برسر اقتدار جماعت کی حکومت کے دوران 700 کے قریب کسان شہید ہوئے ۔جموں کشمیر کے حوالے سے موصوف نے کہا اس وقت جموں کشمیر میں انتخاب کا دور چل رہا ہے آپ کے پاس پورا اختیار ہے کہ آپ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں کیونکہ آپ کا ووٹ آپ کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔انہوں نے کہاکہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کر کے اپنا نمائندہ چنیں اور اسی جماعت کو برسر اقتدار لائیں جو یہاں پر خوشحالی تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقعے فراہم کرسکے ۔اس موقع پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے ضلع کی اکائی بشمول راجیش گپتا ، اعجاز کٹاریہ ،ایڈوکیٹ وحید کسانہ ، سابقہ جج زبیر احمد رضائ، سابقہ بی ڈی سی چیئر پرسن دربار چوہدری کے علاوہ کئی دیگرلیڈر موجود تھے ۔