لازوال ڈیسک
رامبن؍؍ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی رامبن نے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ڈی ایل ایس اے کے چیئرمین حق نواز زرگر کی رہنمائی میں آج جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کی ہدایت پر ایک خصوصی لوک عدالت کا انعقاد کیا۔مختلف نوعیت کے 227 زیر التوا مقدمات کی سماعت کی گئی اور 131 مقدمات کا تصفیہ کیا گیا جبکہ دیگر مقدمات میں 207850 روپے کمپاؤنڈ جرمانہ کے طور پر وصول کیے گئے۔ریفر شدہ مقدمات کی یکسوئی کے لیے پانچ بنچ تشکیل دیے گئے۔ لوک عدالت کے پہلے بنچ کی صدارت ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی رامبن کے چیئرمین حق نواز زرگر (پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج) نے کی جس کی مدد سریندر سنگھ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فاسٹ ٹریک کورٹ رامبن نے کی۔ لوک عدالت کے دوسرے بنچ کی صدارت انجم آرا سی جے ایم (سب جج) رامبن نے کی، جن کی معاونت پوجا گپتا سکریٹری ڈی ایل ایس اے رامبن اور عروسہ چودھری منصف جے ایم آئی سی رامبن نے کی، لوک عدالت کے چوتھے اور پانچویں بنچ بٹوٹ بانہال اور اکھرال میں تشکیل دیے گئے۔ بار کے ممبران اور مدعیان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے قومی لوک عدالت میں مقدمات کو نمٹانے میں اپنا بھرپور تعاون کیا۔