نئی دہلی، 17 اگست (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اتوار کو چنئی میں نو تعمیر شدہ جدید ترین انڈین کوسٹ گارڈ میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (ایم آر سی سی) عمارت کا افتتاح کریں گے۔
کوسٹ گارڈ کے ایک ترجمان نے ہفتہ کو بتایا کہ مسٹر سنگھ دو اضافی سہولیات، چنئی ریجنل میرین پولوشن ریسپانس سینٹر (آرایم پی آرسی) اور پڈوچیری میں کوسٹ گارڈ ایئر انکلیو (سی جی اے ای) کا بھی افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی موقع بحری سلامتی اور علاقائی رابطہ کاری میں ایک اہم پیشرفت کو نمایاں کرتا ہے جو ہندوستانی ساحل پرمیری ٹائم سیکورٹی اور ہنگامی ردعمل کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ چنئی میں نیا ایم آر سی سی ایک اہم ادارہ بننے کے لیے تیار ہے جو سمندر میں خطرے میں پھنسے ملاحوں اور ماہی گیروں کے لیے بحری امدادی کارروائیوں کے تال میل اور تاثیر کو نمایاں طور پر بڑھا دے گا۔ یہ جدید ترین سہولت مرکزسمندر میں زندگی کی حفاظت اور سنگین حالات میں تیزی سے ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے آئی سی جی کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ چنئی پورٹ کمپلیکس میں واقع آئی سی جی ریجنل میرین پولوشن ریسپانس سینٹر (آرایم پی آرسی) بھی سمندری آلودگی کے انتظام میں ایک اہم قدم ہے۔