نئی دہلی، 26 جولائی (یو این آئی) راجیہ سبھا میں جمعہ کو کارگل جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ایوان کے اسپیکر جگدیپ دھنکھر نے کارروائی کے آغاز میں ارکان سے کارگل جنگ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ قوم کارگل وجے دیوس کی 25ویں سالگرہ منا رہی ہے اور ہندوستانی مسلح افواج کی بے مثال جرات اور بہادری کو یاد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر یہ ایوان مسلح افواج کے عزم کو سلام پیش کرتا ہے۔ فوجیوں نے کرگل کے خراب موسم اور دشوار گزار خطوں کے باوجود دشمن پر شاندار فتح حاصل کرنے میں غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’یہ ایوان ان بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے کارگل جنگ کے دوران ملک کے دفاع اور ملک کی علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
اس کے بعد ایوان نے کھڑے ہو کر جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپاہیوں کے احترام میں خاموشی اختیار کی۔